رسائی کے لنکس

پاکستانی وفد امریکہ میں صنعتی نمائش میں شرکت کرے گا


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

نمائش میں 1400 سے زیادہ کمپنیاں لگ بھگ 20 ہزار شرکاء کے سامنے اپنی مصنوعات اور مسائل کا حل پیش کریں گی۔

امریکی سفارتخانہ کے اقتصادی اُمور کے قونصلر ولیم لیٹینن کی زیرِ قیادت پاکستانی سرکاری حکام اور کاروباری شخصیات کا ایک وفد چار سے آٹھ دسمبر تک لاس ویگاس، نیواڈامیں بجلی کی پیداوار سے متعلق ایک بین الاقوامی تجارتی نمائش میں شرکت کرے گا۔

بجلی کی پیداوار سے متعلق پاور۔ جین انٹرنیشنل نام سے منعقد کی جانے والی یہ دنیا میں اپنی نوعیت کی سب سے بڑی نمائش ہے اور اسے توانائی کے شعبے کے رجحانات، ٹیکنالوجی اور دیگر متعلقہ امورکا احاطہ کرنے کے حوالے سے ایک صنعتی رہنما کی حیثیت حاصل ہے۔

نمائش میں 1400 سے زیادہ کمپنیاں لگ بھگ 20 ہزار شرکاء کے سامنے اپنی مصنوعات اور مسائل کا حل پیش کریں گی ۔

اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اس دورے میں پاکستانی حکام کو عظیم الشان ہوور ڈیم کا تکنیکی دورہ کرنے کا موقع میسر آئے گا۔

پاکستانی وفد ڈینور، کولورا ڈو میں امریکی محکمہ توانائی کی نیشنل رینیوایبل انرجی لیبارٹری کا بھی دورہ کرے گا۔

اس دورے کے دوران وفد امریکہ اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے اور توانائی کے شعبے میں تجارت و سرمایہ کاری کو بڑھانے کے امکانات کا جائزہ بھی لے گا۔

نمائش کے بعد وفد امریکہ میں قابل تجدید توانائی کی ٹیکنالوجی اور بہترین طریقوں سے متعلق آگہی کے لیے ڈینور میں نیشنل رینیوایبل انرجی لیبارٹری کا دورہ بھی کرے گا۔

کراچی میں امریکی قونصل خانہ کے کمرشل قونصلر اسٹیفن نوڈ کا کہنا ہے کہ پاکستانی منڈی ایک سرگرم حکومت کی رہنمائی میں معاشی ترقی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے سفر پر گامزن ہونےکے لیے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کاروباری ماحول بتدریجبہتر ہو رہا ہے اور یہ کاروباری مواقع کی متلاشی تعلیم یافتہ افرادی قوت سے لیس ہے۔

وفد کو اس دورے کے دوران بجلی کے شعبے میں جدید ترین مصنوعات اور ٹیکنالوجی کے بارے میں آگہی کا موقع میسر آئے گا ،جس سے پاکستان میں توانائی کے شعبے پر نمایاں اثرات مرتب ہوں گے۔

پاکستان میں امریکی سفارتخانہ کی یو ایس کمرشل سروس (یو ایس سی ایس) امریکی محکمہ تجارت کے بین الاقوامی خریدار پروگرام (آئی بی پی) کے تحت ہر سال پاکستانی کے نجی شعبے سے تعلق رکھنے والی دو سو سے زائد شخصیات کی امریکی تجارتی نمائشوں میں شرکت کے لیےمعاونت کرتی ہے۔

XS
SM
MD
LG