رسائی کے لنکس

ٹی ٹونٹی: پاکستان کی شاندار فتح


پاکستان کے 195 رنز کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم100 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ محمد حفیظ نے 86 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ عمر گل نے پانچ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا

اتوار کو سنچورین میں دوسرے ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو آوٹ کلاس کرتے ہوئے95 رنز سےکامیابی حاصل کر لی ہے۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ٹیم کے سامنے 195 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔

پاکستان کی طرف سے کپتان محمد حفیظ نے51 گیندوں پر چار چھکوں اور نو چوکوں کی مدد سے 86 رنز بنائے جبکہ احمد شہزاد 46 رنز کے ساتھ دوسرے کامیاب بلے باز رہے۔ دیگر بلے بازوں میں ناصر جمشید13، عمر اکمل 11، شعیب ملک7 رنز بنا سکے، جبکہ شاہد آفریدی 13 گیندوں پر 19 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔

195 رنز کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم100 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ عمر گل نے جنوبی افریقہ کی بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی اور 2.2 اورز میں چھ رنز کے عوض5 کھلاڑیو کو پویلین بیجھا، جبکہ رہی سہی کسر محمد حفیظ نے تین کھلاڑیوں کو آوٹ کرکے پوری کر دی۔ محمد عرفان اور جنید خان کے حصے میں بھی ایک ایک وکٹ آئی۔

جنوبی افریقہ کے اے بی ڈیویلیر36 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔ میزبان ٹیم کے تین کھلاڑی صفر پر آوٹ ہوئے۔

پاکستان نے 95 رنز سے شاندار فتح کے ساتھ ٹی ٹونٹی سیریز بھی اپنے نام کر لی۔ ٹی ٹونٹی سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔

پاکستان کے کپتان کو بہترین آل راوٴنڈر کارکردگی پر ’مین آف دی میچ‘ قرار دیا گیا۔
XS
SM
MD
LG