رسائی کے لنکس

logo-print

فاتح خواتین کھلاڑیوں کا شاندار استقبال


پاکستان کے لیےایشین گیمز میں پہلا سونے کا تمغہ جیتنے والی خواتین کرکٹ ٹیم کا شاندار استقبال

سولہویں ایشین گیمز میں پاکستان کے لیے پہلا سونے کا تمغہ جیتنے والی خواتین کے کرکٹ مقابلوں کی فاتح ٹیم جب وطن واپس پہنچی تو کراچی اور لاہور کے ہوائی اڈوں پر خواتین اور بچوں سمیت شائقین کی بڑی تعداد نے کرکٹ ٹیم کا بھنگڑوں اور نعروں کی گونج میں شاندار استقبال کیا۔

ایشین گیمز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گولڈ میڈل حاصل کرنا بہت بڑی کامیابی ہے۔

اُن کے مطابق اس جیت سے جہاں دنیا بھر میں پاکستان کا منفی تاثر ختم کرنے میں مدد ملے گی وہاں معاشرے میں خواتین کے لیے پائی جانے والی تنگ نظری بھی ختم ہو گی جس سے ملک بھر میں خواتین کے کھیلوں کو فروغ ملے گا۔

کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ اُن کی حالیہ جیت سے آئندہ آنے والی لڑکیوں کو ایک بہت بڑا موقع میثر آئے گا۔

اُنھوں نے بتایا کہ وہ اس عزم کے ساتھ وطن واپس لوٹیں ہیں کہ معاشرے میں مردوں کے شانہ بشانہ کام کرکے ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کریں گی۔

اُدھر لاہور ایئرپورٹ پر خواتین کرکٹ بورڈ کی چیئرپرسن بشریٰ اعتزاز نے کھلاڑیوں کا استقبال کرتے ہوئے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ خواتین کا گولڈ میڈل جیتنا پوری قوم کے لیے اعزاز کا باعث ہے اور وہ منتظر ہیں کہ حکومت اور دیگر ادارے مردوں کی طرح خواتین کے لیے بھی اعزازات کا اعلان کریں۔

ایشین گیمز میں کرکٹ کو پہلی مرتبہ شامل کیا گیا اور پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم تمام مقابلوں میں ناقابل شکست رہی۔ پول میچوں میں
پاکستان نے تھائی لینڈ اور میزبان چین کو ہرا نے کے بعد سیمی فائنل میں جاپان جب کہ فائنل میں بنگلادیش کو دس وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔

XS
SM
MD
LG