رسائی کے لنکس

پاکستان کرکٹ ٹیم کو بھارت جانے کی اجازت مل گئی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارتی ریاست مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے بھارت کے خلاف میچ کے لیے پاکستانی ٹیم کو فول پروف سکیورٹی دینے کی یقین دہانی کروائی ہے۔

پاکستان کے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے پاکستانی ٹیم کو آئی سی سی ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت کی اجازت دے دی ہے، جس کے بعد ٹیم جمعہ کی شب بھارت روانہ ہو رہی ہے۔

اس سے قبل چوہدری نثار نے کہا تھا کہ جب تک بھارت کی حکومت کی طرف سے پاکستانی ٹیم کی سکیورٹی کی ضمانت نہیں دی جاتی، ٹیم کو بھارت جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے جمعہ کو اسلام آباد میں وزیر داخلہ چوہدری نثار سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ دہلی میں پاکستان کے ہائی کمشنر عبدالباسط نے بھارت کے وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ سے اس مسئلے پر گفتگو کے لیے ملاقات کی ہے۔

انھوں نے کہا عبدالباسط بھارت کی طرف سے کیے گئے سکیورٹی انتظامات سے مطمئین ہیں۔

’’میں کرکٹ کے شائقین کو یہ خوشخبری دینا چاہتا ہوں کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار نے بنگال کے وزیراعلیٰ، بھارتی وزیر داخلہ بنگال کے وزیر داخلہ کی ٹھوس یقین دہانی کے بعد کرکٹ بورڈ کو ٹی ٹوینٹی کھیلنے کے لیے پاکستانی ٹیم کو بھارت میں بھیجنے کی اجازت دے دی ہے۔‘‘

بھارتی ریاست مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے بھارت کے خلاف میچ کے لیے پاکستانی ٹیم کو فول پروف سکیورٹی دینے کی یقین دہانی کروائی ہے۔

گزشتہ روز چوہدری نثار علی خان نے ایک پریس بریفنگ میں پاکستان کی طرف سے اس مطالبے کا اعادہ کیا تھا کہ بھارتی حکومت پاکستانی کھلاڑیوں کو سکیورٹی فراہم کرنے کی ضمانت دے۔

آئی سی سی نے اس سے قبل پاکستان کے بھارت کے ساتھ 19 مارچ کو ہونے والے میچ کو سکیورٹی خدشات کے باعث ریاست ہماچل پردیش کے دھرم شالہ گراؤنڈ سے کولکتہ منتقل کر دیا تھا۔

بھارت میں انتہا پسند حلقوں کی جانب سے پاکستانی ٹیم کے دورہ بھارت اور دھرم شالہ میں پاکستان اور بھارت کے میچ کی مخالفت کی گئی جس کے بعد پاکستانی حکام نے تشویش کا اظہار کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG