رسائی کے لنکس

جنرل ایلن کی جمعرات کو پاکستان آمد متوقع


جنرل جان ایلن
جنرل جان ایلن

امریکی کمانڈر کی جنرل کیانی سے ملاقات میں پاک افغان سرحد پر تعاون کو بڑھانے کے حوالے سے کیے گئے حالیہ اقدامات میں پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔

افغانستان میں بین الاقوامی افواج کے امریکی کمانڈر جنرل جان ایلن کی جمعرات کو پاکستان آمد متوقع ہے۔

فوج کے شعبہ تعلقات ’عامہ آئی ایس پی آر‘ کی طرف سے بدھ کو جاری ہونے والے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ جنرل ایلن پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی سے ملاقات کریں گے۔

بیان کے مطابق ملاقات میں پاک افغان سرحد پر تعاون کو بڑھانے کے حوالے سے کیے گئے حالیہ اقدامات میں پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔

امریکی کمانڈر نے رواں ماہ کے اوائل میں بھی جنرل کیانی سے راولپنڈی میں ملاقات کی تھی جس کے بعد ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی اور اتحادی افواج ایسی شراکت داری کی جانب بڑھ رہی ہیں جو پائیدار اور واضح ہو اور اس سے خطے میں سلامتی و خوشحالی کو بھی فروغ حاصل ہو۔

پاکستانی میڈیا نے عسکری ذرائع کے حوالے سے خبر دی تھی کہ جنرل کیانی نے نیٹو کمانڈر سے بات چیت کے دوران افغان سرحد کی جانب سے فوجی و شہری تنصیبات پر حملوں کا معاملہ بھی اُٹھایا اور جنگجوؤں کی ان مہلک کارروائیوں کو روکنے کے لیے افغان اور اتحادی افواج کو سرحد کی موثر نگرانی کرنے پر زور دیا۔

حالیہ دنوں میں ایک بار پھر قبائلی علاقے باجوڑ میں سرحد پار سے شدت پسندوں کے حملوں میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے اور پاکستانی فوج کی طرف سے جوابی کارروائیوں میں دو درجن سے زائد شدت پسندوں کو ہلاک کیے جانے کے علاوہ سکیورٹی فورسز کے جانی نقصان کی بھی اطلاعات سامنے آچکی ہیں۔
XS
SM
MD
LG