رسائی کے لنکس

پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا: پہلے ٹیسٹ کے لیے ٹکٹ کی قیمت پر دلچسپ تبصرے


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان ٹیسٹ میچ میں تماشائیوں کو گراؤنڈ میں لانے کے لیے ٹکٹ کی قیمت انتہائی مناسب رکھی ہے۔ ٹکٹ کی قیمت کم مقرر کرنے پر کوئی اس اقدام کو سراہا رہا ہے تو کوئی اس پر طنز و تنقید کے نشتر چلا رہا ہے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل پہلا ٹیسٹ میچ چار سے آٹھ مارچ تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

پی سی بی نے اس میچ کے لیے سب سے بہترین انکلوژر جسے 'وی آئی پی انکلوژر' کہا جاتا ہے اس کے ٹکٹ کی قیمت صرف 500 روپے مقرر کی ہے۔

راولپنڈی میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کےلیے ٹکٹ کی کم سے کم قیمت 100 روپے رکھی گئی ہے۔

واضح رہے کہ کسی غیر ملکی ٹیم کے خلاف میچ میں عموماً وی آئی پی انکلوژر کا ٹکٹ پانچ سے آٹھ ہزار ہوتا ہے اور کم سے کم ٹکٹ کی قیمت 500 روپے ہوتی ہے۔

پی سی بی کی جانب سے آسٹریلیا کے خلاف ٹکٹ کی قیمت کم رکھنے کی وجہ زیادہ سے زیادہ تماشائیوں کو گراؤنڈ میں لایا جانا بتایا جاتا ہے۔ ٹکٹ کی تفصیلات سامنے آںے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس پر دلچسپ تبصروں کا سلسلہ جاری ہے۔

ایک ٹوئٹر صارف نے کہا کہ اتنی قیمت میں تو آپ آئی پی ایل کے میچ میں پاپ کورن بھی نہیں خرید سکتے۔

علیم صدیقی اپنے ٹوئٹ میں کہتے ہیں کہ پی سی بی کا یہ بہت ہی اچھا اقدام ہے۔ کرکٹ صرف امیروں کے لیے ہی نہیں بلکہ ہر کسی کے لیے ہونی چاہیے۔

تانش سنگھ کہتے ہیں ٹکٹ کی اتنی کم قیمت ہے تو اب فل ہاؤس ہو گا۔ کاش بھارت میں بھی ٹکٹ کی اتنی کم قیمت ہوتی۔

نصر اللہ شاہ لکھتے ہیں وہ افراد جو صرف 100 روپے ہی برداشت کر سکتے ہیں ان کے لیے زیادہ موقع ہے کہ وہ گراؤنڈ میں میچ دیکھ سکیں گے۔

احسن اقبال نامی صارف نے چیئرمین پی سی بی رمیز راجا سے کہا کہ پریمیئر انکلوژر میں سب کو مفت آنے کی اجازت کیوں نہیں دی گئی۔ اگر ایسا ہوتا تو زیادہ سے زیادہ لوگوں کو میچ دیکھنے کے لیے گراؤنڈ میں آنے کی یہ بہترین حکمتِ عملی ہو سکتی تھی۔

XS
SM
MD
LG