رسائی کے لنکس

فلپائن: شدت پسندوں اور فوج میں جھڑپیں، 15 ہلاک


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

فوج کے عہدیداروں کے مطابق یہ لڑائی اُس وقت شروع ہوئی جب ابو سیاف کے جنگجوؤں نے جنگل میں ایک کیمپ پر قبضہ کرنے کی کوشش کی۔

فلپائن میں عہدیداروں نے کہا ہے کہ ملک کے جنوبی علاقے میں مذہبی شدت پسندوں اور فوجیوں کے درمیان جھڑپ میں کم از کم 15 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

عہدیداروں نے بتایا کہ جھڑپ میں ہلاک ہونے والوں میں ایک فوجی اہلکار بھی شامل ہے۔

یہ لڑائی منگل کو ملک کے صوبہ سولو کے علاقے پتیکل میں شروع ہوئی جو بدھ کی صبح تک جاری رہی۔ جس علاقے میں یہ لڑائی ہوئی وہ ابو سیاف کے جنگجوؤں کا مضبوط گڑھ ہے۔

فوج کے عہدیداروں کے مطابق یہ لڑائی اُس وقت شروع ہوئی جب ابو سیاف کے جنگجوؤں نے جنگل میں ایک کیمپ پر قبضہ کرنے کی کوشش کی۔ پیر کے روز ہی سرکاری فورسز نے اس کیمپ کا کنٹرول حاصل کیا تھا۔

ابو سیاف کے جنگجوؤں کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اُن کے القاعدہ کے جنگجوؤں سے قریبی روابط ہیں اور یہ فلپائن میں متعدد حملوں اور اغواء کے واقعات میں ملوث رہے ہیں۔

مغویوں کو عموماً جنگل میں قائم کیمپوں میں رکھا جاتا ہے اور تازہ لڑائی بھی ایک ایسے کیمپ پر قبضے کے لیے ہوئی۔

یہ گروپ فلپائن کے جنوب میں سرگرم اُن گروپوں میں سے ایک ہے جو منیلا کی حکومت اور مورو اسلامک لبریشن فرنٹ کے درمیان امن معاہدے کا مخالف ہے۔
XS
SM
MD
LG