رسائی کے لنکس

لاہور حملہ، نواز شریف نے دورہ امریکہ منسوخ کر دیا


توقع کی جاری رہی تھی کہ اپنے دورۂ امریکہ کے دوران وزیراعظم نواز شریف کی بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے بھی ملاقات ہو گی۔

پاکستان کے وزیراعظم میاں نواز شریف نے لاہور میں اتوار کو ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد امریکہ کا اپنا طے شدہ دورہ منسوخ کر دیا ہے۔

وزارت خارجہ نے پیر کی شب دورے کی منسوخی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیرِاعظم نے لاہور میں دہشت گردوں کے حملے میں معصوم جانوں کے ضیاع کے باعث اپنا دورہ منسوخ کیا ہے۔

لاہور میں اتوار کی شام ایک تفریحی پارک ہونے والے خودکش حملے میں کم از کم 70 افراد ہلاک اور لگ بھگ 300 زخمی ہو گئے تھے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم کو واشنگٹن میں جوہری سلامتی کے موضوع پر 31 مارچ اور یکم اپریل کو ہونے والے دو روزہ سربراہ اجلاس میں شرکت کرنا تھی۔

پیر کی شب اسلام آباد میں وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق جوہری سلامتی سے متعلق سربراہ کانفرنس میں اب پاکستانی وفد کی قیادت وزیراعظم نواز شریف کے معاونِ خصوصی طارق فاطمی کریں گے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ جوہری تحفظ سے متعلق ہر عمل میں پاکستان نے ہمیشہ سرگرم کردار ادا کیا ہے اور اپنے نیوکلیئر پروگرام کے تحفظ کے لیے بھی کثیر الجہتی کمانڈ اینڈ کنٹرول کا نظام وضع کر رکھا ہے۔

توقع کی جاری رہی تھی کہ اپنے دورۂ امریکہ کے دوران وزیراعظم نواز شریف کی اعلیٰ امریکی حکام کے علاوہ اجلاس میں شریک غیر ملکی سربراہان خصوصاً بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے بھی ملاقات ہو گی جو سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے 31 مارچ کو واشنگٹن پہنچیں گے۔

XS
SM
MD
LG