نو منتخب 37 سینیٹرز کی کامیابی کا نوٹی فکیشن جاری
الیکشن کمیشن نے نو منتخب 37 سینیٹرز کی کامیابی کا نوٹی فکیشن جاری کردیاہے۔
کمیشن کے مطابق پنجاب اور سندھ سے 12،12 نو منتخب سینیٹرز کامیاب ہوئے ہیں جب کہ بلوچستان کے 11 اور اسلام آباد سے دو نو منتخب سینیٹرز کی کامیابی کا نوٹی فکیشن جاری کیا گیا ہے۔
ڈی آئی خان: پولیس چیک پوسٹ پر حملہ
خیبر پختونخوا کے شہر ڈیرہ اسماعیل خان (ڈی آئی خان) میں مبینہ دہشت گردوں نے پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کیا تاہم جوابی فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
وائس آف امریکہ کے نمائندے شمیم شاہد کے مطابق جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب تحصیل کلاچی کے علاقے روڑی میں حملہ آوروں نے چیک پوسٹ کو چاروں طرف سے گھیر کر حملہ کیا ۔اس دوران شدید فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں۔
چیک پوسٹ پر تعینات پولیس اہلکاروں کی جوابی کارروائی کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
جسٹس علی باقر نجفی کو بھی مشکوک خط موصول
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کو بھی مشکوک خط بھجوا دیا گیا ہے۔
وائس آف امریکہ کے نمائندے ضیا الرحمٰن کے مطابق جمعے کو جسٹس علی باقر نجفی کے سیکریٹری نے ایک مشکوک خط وصول کیا ہے جس کے بعد لاہور ہائی کورٹ کے ججز کو ملنے والے خطوط کی تعداد چھ ہو گئی ہے۔
عدالتی عملے نے مشکوک خط کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی )کے حوالے کر دیا ہے۔
سیکریٹری داخلہ کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
اسلام آباد ہائی کورٹ نے سیکریٹری داخلہ کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے صحافی سمیع ابراہیم کا نام عدالتی حکم کے باوجود ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نہ نکالے جانے پر برہمی کا اظہار کیا۔
دورانِ سماعت سرکاری وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹ راستے میں ہیں وہ کچھ دیر بعد عدالت پہنچ جائیں گےجس پر جسٹس سردار اعجاز نے کہا کہ وہ آکر کیا کہیں گے انہیں وزارتِ داخلہ نے کہا تھا۔
عدالت نے متعلقہ ایس ایچ او حکم دیا کہ وہ آج ڈھائی بجے سیکریٹری داخلہ کو پیش کریں۔ جسٹس سردار اعجاز نے کہا کہ پچاس ہزار روپے کے مچلکوں پر سیکریٹری داخلہ کے قابلِ ضمانت وارنٹ جاری کر رہے ہیں۔