رسائی کے لنکس

پومپیو کی مودی سے ملاقات، اسٹریٹجک پارٹنرشپ سمیت مختلف امور پر گفتگو


وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے وزیر دفاع جم میٹس کے ہمراہ جمعرات کو نئی دہلی میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔

اس موقعے پر امریکی وزیر خارجہ نے بھارتی وزیر اعظم کو آگاہ کیا کہ صدر ٹرمپ امریکہ بھارت اسٹریٹجک پارٹنرشپ بڑھانے کو بہت اہمیت دیتے ہیں، اور یہ کہ امریکہ دنیا کی سرکردہ طاقت اور علاقائی سلامتی مہیا کرنے والے ملک کے طور پر بھارت کے کردار کی حمایت کرتا ہے۔

یہ بات امریکی محکمہٴ خارجہ کی خاتون ترجمان، ہیدر نوئرٹ نے ایک تحریری بیان میں بتائی ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ امریکی وزیر خارجہ نے وزیر اعظم مودی سے اُن مشترکہ کوششوں کے بارے میں گفتگو کی جن کا مقصد علاقے کو امن، استحکام اور فروغ پاتی خوشحالی کا گہوارہ بنانے کے لیے ’بھارت پیسیفک‘ خطے کو محفوظ بنانا ہے۔

بیان کے مطابق، وزیر خارجہ نے باہمی تعلقات میں عوام کے عوام کے ساتھ روابط کی اہمیت کی جانب توجہ مبذول کرائی؛ اور بھارتی نژاد امریکی برادری کی جانب سے امریکہ میں کیے جانے والے کام کی نشاندہی کی۔

ترجمان نے کہا کہ وزیر خارجہ پومپیو اور وزیر اعظم مودی نے امریکہ بھارت معاشی ساجھے داری کی اہمیت پر گفت و شنید کی اور باہمی تجارت کو متوازن اور دوطرفہ بنیاد پر وسعت دینے کی مشترکہ کوششوں پر بات کی۔

XS
SM
MD
LG