رسائی کے لنکس

نیوز چینلز کی نشریات اور سوشل میڈیا تک رسائی بحال


فائل فوٹو
فائل فوٹو

اتوار کو وزیراعظم ہاؤس میں دھرنے کے خلاف سکیورٹی آپریشن کے بعد پیدا ہونے والی صورتِ حال پر غور کے لیے منعقد ہونے والے ایک اجلاس میں نجی چینلز کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔

پاکستان میں وزارتِ اطلاعات و نشریات کے احکامات کے بعد پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے ملک بھر میں نجی نیوز چینلز کی نشریات کی بحالی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے اجرا کے بعد ملک بھر میں نجی نیوز چینلز کی نشریات 24 گھنٹے سے زائد وقت تک معطل رہنے کے بعد بحال ہوگئی ہیں۔

دریں اثنا ملک میں ٹیلی کمیونیکیشن کے ریگولیٹری ادارے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے سوشل میڈیا کی ویب سائٹس تک رسائی بھی بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اسلام آباد کے علاقے فیض آباد میں جاری دھرنے کے خلاف سکیورٹی اداروں کے آپریشن کے بعد ہفتے کی دوپہر ملک بھر میں نجی نیوز چینلز کی نشریات بند کردی گئیں تھیں۔

نیوز چینلز کی بندش سے قبل پیمرا نے چینل انتظامیہ کو ہدایت کی تھی کہ پیمرا قوانین کے مطابق ٹی وی چینلز قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں کو براہِ راست نہیں دکھا سکتے کیونکہ اس سے آپریشن کرنے والے افراد اور وہاں موجود عام شہریوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

بعد ازاں ہفتے کی دوپہر پیمرا کی جانب سے جاری کیے جانے والے ایک حکم نامے میں کہا گیا تھا کہ تمام نجی چینلز نے جاری کی گئی ہدایات اور قواعد کو یکسر نظر انداز کیا اور تمام نجی نیوز چینلز فیض آباد میں ہونے والے آپریشن کو براہِ راست دکھا رہے تھے جس کی وجہ سے ملک بھر میں تمام نیوز اور کرنٹ افیئرز چینلز بند کیے جارہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق اتوار کو وزیراعظم ہاؤس میں دھرنے کے خلاف سکیورٹی آپریشن کے بعد پیدا ہونے والی صورتِ حال پر غور کے لیے منعقد ہونے والے ایک اجلاس میں نجی چینلز کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس کے بعد پیمرا کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کیے جانے کے بعد ملک بھر میں تمام نیوز چینلز کی نشریات بحال کردی گئی ہیں۔

حکام نے فیس بک، ٹوئٹر اور یوٹیوب سمیت کئی سوشل میڈیا ویب سائٹس کو بھی ہفتے کو اسلام آباد میں جاری دھرنے کے خلاف کیے جانے والے آپریشن کے دوران بند کردیا تھا جنہیں حکام کے مطابق اب بحال کیا جارہا ہے۔

پی ٹی اے کے ترجمان خرم مہران نے وائس آف امریکہ سے گفت گو میں سوشل میڈیا بحال کرنے کی تصدیق کی ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے احکامات موصول ہونے کے بعد ان سائٹس کی بحالی کا کام شروع کردیا گیا ہے اور کچھ ہی دیر میں عوام یہ سائٹس استعمال کرسکیں گے۔

XS
SM
MD
LG