رسائی کے لنکس

پی ٹی آئی کے 25 منحرف ارکان پنجاب اسمبلی ڈی سیٹ


الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے ریفرنس کو منظور کرتے ہوئے 25 منحرف اراکینِ پنجاب اسمبلی کو ڈی سیٹ قرار دے دیا ہے۔ فیصلے کے بعد پنجاب میں حمزہ شہباز شریف کے بطور وزیر اعلٰی منتخب ہونے کے معاملے پر بھی سوال اُٹھ گئے ہیں۔

جمعے کو چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے اتفاقِ رائے سے فیصلہ سنایا۔

تحریکِ انصاف کے 25 منحرف اراکینِ پنجاب اسمبلی نے پارٹی پالیسی کے برخلاف حمزہ شہباز شریف کو ووٹ دیا تھا۔

تحریکِ انصاف نے ان اراکین کو نااہل قرار دینے کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں ریفرنس دائر کیا تھا۔

الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد اراکینِ پنجاب اسمبلی علیم خان، نعمان لنگڑیال، اجمل چیمہ، سعید اکبر خان نوانی، نذیر چوہان، راجہ صغیر احمد، ملک غلام رسول لنگاہ, ملک اسد کھوکھر، محمد سلمان، عائشہ نواز، عظمی کاردار، میاں خالد محمود سمیت 25 پی ٹی آئی اراکین ڈی سیٹ ہو گئے ہیں۔

تحریکِ انصاف کا ردعمل

الیکشن کمیشن کے فیصلے پر ردِ عمل دیتے ہوئے تحریکِ انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا کہ اب حمزہ شہباز شریف کے بطور وزیرِ اعلٰی برقرار رہنے کی کوئی آئینی حیثیت نہیں رہی۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ آج گھناؤنی سیاست کا ایک اور باب بند ہو گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے پاس منحرف ارکانِ اسمبلی سے متعلق پی ٹی آئی کے ریفرنس پر فیصلہ سنانے کے لیے آج آخری دن تھا کیوں کہ کمیشن ریفرنس پر 30 روز کے اندر فیصلہ سنانے کا پابند ہے۔

الیکشن کمیشن نے 17مئی کو پی ٹی آئی کے ریفرنس پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

'شیر سے پنجاب چھیننے کا خواب چکنا چور ہو گا'

الیکشن کمیشن کے فیصلے پر ردِعمل دیتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے ٹوئٹ کی کہ تحریکِ انصاف چاہے کچھ بھی کر لے، شیر سے پنجاب چھیننے کا خواب چکنا چور ہو گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو دن رات گالیاں دینے والے عمران خان کو آج کچھ تو شرم آئی ہو گی مگر کہاں!

منحرف ارکان کے ڈی سیٹ ہونے کے بعد پنجاب اسمبلی میں نمبر گیم

بعض ماہرین کے مطابق پنجاب میں اب آزاد ارکانِ پنجاب اسمبلی اہمیت اختیار کر گئے ہیں اور یہی چار ارکان اسمبلی وزیرِ اعلٰی کے دوبارہ انتخاب کی صورت میں فیصلہ کن کردار ادا کر سکتے ہیں۔

پنجاب میں پارٹی پوزیشن کی بات کی جائے تو موجودہ پنجاب اسمبلی میں وزارتِ اعلٰی کے لیے درکار 186 ارکانِ پنجاب اسمبلی کی حمایت کسی بھی جماعت کو حاصل نہیں ہے۔

منحرف اراکین کے ڈی سیٹ ہونے کے بعد پنجاب اسمبلی میں اب حمزہ شہباز کو 172 اراکین کی حمایت حاصل ہے۔



وزیرِ اعلٰی پنجاب کے انتخاب میں اگر ووٹنگ کے دوران کوئی بھی اُمیدوار 186 ارکان کی حمایت حاصل نہیں کر پاتا تو رولز کے مطابق 'سیکنڈ رن' یعنی دوبارہ ووٹنگ ہو گی جس میں ہال میں موجود ارکانِ اسمبلی میں اکثریتی ووٹ لینے والا وزیرِ اعلٰی کا انتخاب جیت جائے گا۔

پنجاب اسمبلی قواعد کے مطابق اگر قائدِ ایوان کے انتخاب میں دونوں امیدوار برابر ووٹ حاصل کر لیتے ہیں تو اِیسی صورتِ حال میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا ووٹ حتمی تصور ہو گا۔

گزشتہ ماہ وزیرِ اعلٰی کے انتخاب کے دوران حمزہ شہباز نے مجموعی طور پر 197 ووٹ حاصل کیے تھے۔ حمزہ شہباز کو مسلم لیگ (ن) کے 160 ارکان کے ووٹ ملے تھے۔ تحریکِ انصاف کے 25 منحرف ارکان ، پیپلزپارٹی کے سات، راہ حق پارٹی کے ایک جب کہ چار آزاد ارکان نے حمزہ شہباز کو ووٹ دیا تھا۔


مسلم لیگ (ن) کے پانچ ارکان اور چوہدری نثار نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا تھا۔ لہذٰا نئے انتخاب اور منحرف اراکین کے ڈی نوٹیفائی ہونے کے بعد پنجاب میں وزارتِ اعلٰی کا دوبارہ انتخاب دلچسپ ہو جائےگا۔

پنجاب اسمبلی میں تحریکِ انصاف کے ارکان کی تعداد 158 جب کہ مسلم لیگ (ق) کے 10 ارکان ہیں، تحریکِ انصاف کے 25 منحرف ارکان کے نااہل ہونے کی صورت میں خصوصی نشستوں پر تحریکِ انصاف کے پانچ نئے ارکان ایم پی اے بن جائیں گے۔ لہذٰا پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن ارکان کی کل تعداد 173 ہو جائے گی۔ اس طرح موجودہ صورتِ حال برقرار رہنے پر تحریکِ انصاف کو نئے انتخاب میں ایک ووٹ کی برتری حاصل ہو گی۔

ایسی صورت میں اگر چار آزاد ارکان مسلم لیگ (ن) کا ساتھ چھوڑتے ہیں تو تحریکِ انصاف کی پوزیشن اور مضبوط ہو جائے گی۔

وزیرِ اعلٰی حمزہ شہباز کے خلاف درخواستیں سماعت کے لیے منظور

ادھر لاہور ہائی کورٹ نے جمعے کو وزیرِاعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے حلف کے خلاف اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ اور پی ٹی آئی کی درخواستوں پر انہیں نوٹس جاری کر دیا ہے۔

چوہدری پرویز الٰہی اور پی ٹی آئی نے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کا انتخاب ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا جس پر چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس امیر بھٹی نے سماعت کی۔

پرویز الٰہی کی جانب سے دائر درخواست میں حمزہ شہباز اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ حمزہ شہباز نے وزیراعلیٰ منتخب ہونے کے لیے مطلوبہ ووٹ نہیں لیے اور سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں حمزہ شہباز کے پاس اسمبلی میں مطلوبہ نمبرز نہیں ہیں۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہےکہ درخواست کے حتمی فیصلے تک حمزہ شہباز کو بطور وزیر اعلیٰ کام سے روکا جائے اور ان کے حلف کو کالعدم قرار دے کر نئے الیکشن کرانے کے احکامات جاری کیے جائیں۔

جمعے کو سماعت کے دوران تحریکِ انصاف کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے آرٹیکل 63 اے کی تشریح کر دی ہے کہ منحرف ارکان کا ووٹ شمار نہیں ہوگا۔ حمزہ شہباز کو پی ٹی آئی کے منحرف ارکان نے ووٹ دیا تھا اس لیے اعلیٰ عدالت کے فیصلے کے بعد حمزہ شہباز وزارتِ اعلیٰ کے منصب پر رہنے کا جواز کھو چکے ہیں۔

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے استفسار کیا کہ یہاں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آرٹیکل 63 اے کی تشریح کب سے لاگو ہوگی؟ دیکھنا یہ ہے کہ جو اقدامات ہو گئے کیا وہ بھی کالعدم ہو سکتے ہیں؟

عدالت نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ کے خلاف درخواستیں منظور کرتے ہوئے کیوں نہ مخالف فریق سے جواب لے لیں۔ بعد ازاں عدالت نے حمزہ شہباز سمیت فریقین کو 25 مئی کے لیے نوٹسز جاری کردیے۔

XS
SM
MD
LG