رسائی کے لنکس

شہباز شریف تیسری مرتبہ پنجاب کے وزیراعلیٰ منتخب


شہباز شریف
شہباز شریف

پاکستان مسلم لیگ ن کے شہباز شریف نے 300 ووٹ حاصل کیے جب کہ ان کے مدمقابل پاکستان تحریک انصاف کے محمود الرشید کے حصے میں 34 ووٹ ملے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے شہباز شریف آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑے صوبے پنجاب کے تین چوتھائی اکثریت سے وزیراعلیٰ منتخب ہوگئے ہیں۔

جمعرات کو صوبائی اسمبلی میں قائد ایوان کا انتخاب کیا گیا۔ شہباز شریف کے مد مقابل پاکستان تحریک انصاف کے محمود الرشید تھے۔

شہباز شریف کو 371 کے ایوان میں 300 ووٹ ملے جب کہ محمود الرشید کے حصے میں 34 ووٹ آئے۔

قائد ایوان منتخب ہونے کےبعد اسمبلی میں اپنے پہلے خطاب میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کے لیے وہ جنگی بنیادوں پر کام کریں گے۔ ان کے بقول بجلی کے بحران نے معیشت اور زراعت کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ صوبے میں تعلیم اور انصاف کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے۔

محمود الرشید کو حزب مخالف کی جماعت مسلم لیگ (ق) کی حمایت بھی حاصل تھی۔

پاکستان پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی وزارت اعلیٰ کے لیے کوئی امیدوار سامنے نہیں لائیں۔

شہباز شریف اس سے قبل 1997ء اور 2008ء کے انتخابات کے بعد صوبے کے وزیراعلیٰ رہ چکے ہیں۔

بدھ کو مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نواز شریف بھی تیسری مرتبہ ملک کے وزیراعظم منتخب ہوئے تھے۔
XS
SM
MD
LG