رسائی کے لنکس

تاج محل میں سالگرہ منانے کی خبریں، رحمن ملک برہم


رحمٰن ملک
رحمٰن ملک

وزیر داخلہ کو شکایت ہے کہ میڈیانے ان سے دورے کی تصدیق کئے بغیر یہ خبر دی۔ وہ سالگرہ والے دن بھارت کے نہیں ،ترکی کے دورے پر ہوں گے

پاکستانی وزیر داخلہ رحمن ملک اپنی 61ویں سالگرہ تاج محل میں منانے سے متعلق خبروں پر برہم ہوگئے ہیں۔بدھ کے روز پاکستانی الیکٹرونک اور پرنٹ میڈیا میں بار بار یہ خبر گردش کرتی رہی کہ رحمن ملک اس بار اپنی سالگرہ آگرہ میں واقع مغلیہ دور کی عظیم عمارت’ تاج محل ‘ میں منائیں گے۔

وزیر داخلہ کو شکایت ہے کہ میڈیانے ان سے دورے کی تصدیق کئے بغیر یہ خبر دی ۔ وہ سالگرہ والے دن بھارت کے نہیں ،ترکی کے دورے پر ہوں گے۔

دوسری جانب وزیر داخلہ رحمن ملک کا دورہ بھارت ایک بار پھرآگے بڑھا دیا گیا۔پہلے یہ اطلاعات تھیں کہ رحمن ملک 11سے 13 دسمبر تک بھارت کا دورہ کریں گے اور اسی دوران 12دسمبر کووہ اپنی سالگرہ محبت کی شہرہ آفاق یادگار تاج محل میں منائیں گے جس کا خصوصی اہتمام بھارت سرکار کی جانب سے کیا جائے گا۔اب شنید یہ ہے کہ پاکستان نے رحمن ملک کے دورہ بھارت کے لئے 14سے 16 دسمبر کی تاریخیں تجویز کی ہیں۔

بھارتی اخبارات ’دی ہندو‘ اور ’ہندوستان ٹائمز ‘ کے مطابق رحمن ملک نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں دورہ بھارت میں تاخیر کی تصدیق کی ہے اور ساتھ ہی ساتھ میڈیا پر بھی ہلکے پھلکے انداز میں تنقید کی ہے جو ان کی سالگرہ کے حوالے سے نت نئی خبریں لگا رہا تھا۔

رحمن ملک نے ٹوئٹر پر کہا،’میں سب سے پہلے تو اپنے بھارتی ہم منصب سوشیل کمار شندے کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے مجھے میری اکسٹھویں سالگرہ آگرہ میں منانے کی دعوت دی۔دورے کے لئے نئی تاریخیں 14سے16دسمبر رکھی گئی ہیں جن کا سرکاری طورپر اعلان کر دیا جائے گا۔ ٹی وی پر میری سالگرہ آگرہ میں منانے کی خبریں چل رہی ہیں، میڈیا کو کم از کم مجھ سے اتنا تو پوچھ لینا چاہئیے تھا کہ میں 12تاریخ کو بھارت جا بھی رہا ہوں یا نہیں‘۔

رحمن ملک کا مزید کہنا تھا کہ سالگرہ والے دن وہ ترکی کے سرکاری دورے پر ہوں گے۔

بھارت کے وزیر داخلہ سوشیل کمار شندے نے رحمان ملک کو 11سے 13دسمبر تک بھارتی دورے کی دعوت دی تھی اور ان کی سالگرہ کے دن انہیں اور ان کی اہلیہ کوتاج محل کا خصوصی دورہ کروانے کا بھی پروگرام بنایا گیا تھا۔اس سے قبل رحمن ملک کو 22نومبر کو نئی دہلی پہنچنا تھا تاہم اس سے ایک روز قبل اجمل قصاب کو پھانسی دے دی گئی جس کے سبب رحمن ملک کا دورہ ملتوی کردیا گیا۔

دورہ بھارت میں رحمن ملک دونوں ممالک کے درمیان نئی ویزا پالیسی کوفعال بنانے کے معاہدے پر دستخط کریں گے۔ دونوں ممالک کے حکام پہلے ہی’پیپلز ٹو پیپلز کانٹیکٹ‘ یعنی عوامی رابطوں اور تجارت کے فروغ کیلئے معاہدہ کرچکے ہیں جس کی صدر آصف زرداری نے بھی توثیق کردی ہے۔

بھارت اور پاکستان کے درمیان نئے ویزا معاہدے پر دستخط کے ساتھ ہی ویزا کا 38سال پرانا معاہدہ ختم اور نیا معاہدہ فعال ہوجائے گا۔ نئے معاہدے کے تحت پاکستانی شہریوں کو اب تین کے بجائے پانچ شہروں میں جانے کی اجازت ہوگی جبکہ 65سال سے زائد عمر کے بزرگ شہری اور 12سال سے چھوٹے بچے پولیس رپورٹ سے مستثنیٰ ہوں گے۔
XS
SM
MD
LG