رسائی کے لنکس

روس: شدید سیلاب سے ایک لاکھ افراد کی نقل ِ مکانی کا امکان


روس میں آنے والے یہ سیلاب گذشتہ ایک ماہ کی شدید بارشوں کا نتیجہ ہیں۔

روس اور چین کی سرحدی علاقے میں 120 سال میں آنے والے بدترین سیلاب کی شدت اگر تیز ہوئی تو امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ تقریباً ایک لاکھ افراد کو ان کے گھروں سے نقل ِ مکانی کرنا پڑے گی۔

روس میں آنے والے یہ سیلاب گذشتہ ایک ماہ کی شدید بارشوں کا نتیجہ ہیں۔

روس کے محکمہ ِ موسمیات سے منسلک ریا نوووستی کا کہنا ہے کہ یہ سیلاب ستمبر کے آغاز سے قبل کم یا ختم ہونے کے آثار نہیں دکھائی دے رہے۔
ٹی وی پر دکھائے جانے والے مناظر میں روس میں آنے والے شدید سیلاب کے باعث آدھے آدھے گھر پانی میں ڈوبے دکھائی دے رہے ہیں جبکہ لوگ سڑکوں پر کشتیوں میں بیٹھے ایک جگہ سے دوسری جگہ جا رہے ہیں۔

سیلاب کے باعث پہلے ہی آمور، خاباروسک اور یہودی علاقوں سے تقریباً 170,000 افراد پہلے ہی علاقہ چھوڑ کر محفوظ جگہوں پر چلے گئے ہیں۔
روسی صدر ولادی میر پوٹن نے ٹیلی ویژن پر اپنے خطاب میں کہا، ’نقصان بہت زیادہ ہے لیکن قابل ِ ذکر امر یہ ہے کہ سیلاب سے کوئی ہلاکتیں نہیں ہوئیں۔ ہم آرام سے نہیں بیٹھ سکتے، ابھی بہت سا کام کرنے والا ہے۔‘

سیلاب سے روس میں تقریباً چار لاکھ ہیکٹر کی زرعی اراضی برباد ہو گئی ہے اور روس کے حکومتی ترجمان کے مطابق ابھی تک ہونے والے نقصان کا تخمینہ تقریباً 60 ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔
2012ء میں بھی روس میں سیلاب آیا تھا جس سے 171 افراد ہلاک ہو گئے تھے اور روس کے جنوبی علاقے میں 4,000 گھر برباد ہوئے تھے۔
XS
SM
MD
LG