رسائی کے لنکس

روس: کوئلے کی کان کے حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد52 ہوگئی


روسی خبر رساں ادارے نے کہاہے کہ منگل کے روز مغربی سائبیریا میں کوئلے کی ایک کان میں میتھین گیس کے دو دھماکوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر52 ہوگئی ہے۔

عہدے داروں نے کہا ہے کہ 38 کان کن ابھی تک تک لاپتا ہیں اور اگر کان میں پھنسا ہوا کوئی کارکن زندہ ہے تو بھی اس کی زندگی کو پانی کی بلند ہوتی ہوئی سطح سے خطرہ لاحق ہے۔ عہدے داروں نے کہا ہے کہ امدادی کارکنوں کے پاس باقی ماندہ زندہ بچ جانے والوں کو ڈھونڈنے کے لیے دو دن سے بھی کم وقت باقی رہ گیا ہے۔

روسی وزیر اعظم ولادی میر پوتن نے سائبیریا کے علاقے کیمروف کے ایک اسپتال میں زخمی کان کنوں کی عیادت کی ۔ انہوں نے امدادی کارروائیوں کا جائزہ لینے کے لیے کوئلے کی کان ’رسپاد سکایا ’ کا دورہ بھی کیا اور انہوں نے اس حادثے کی تفصیلی چھان بین کا حکم دے دیا ہے۔

ہنگامی صورت حال سے متعلق روسی وزیر سرگئی شوئیگو نے کہا ہے کہ ہفتے کی رات اور اتوار کی صبح کئی گھنٹوں کے وقفوں سے ہونے والے ان دھماکوں کی وجہ سے کوئلے کی اس بڑی کان سے پانی نکالنے والے پمپ تباہ ہوگئے۔ دوسرے دھماکے سے ہونے والی مزید تباہی کے باعث کان کنوں کے لیے باہر نکلنے کے راستے مسدود ہوگئے، جس کے نتیجے میں تلاش کا کام اور امدادی کارروائیاں مزید مشکل ہوگئیں۔

روس میں جہاں کانوں کا انفرا سٹرکچر پرانا ہوچکاہے اور حفاظتی ضابطوں پر مناسب عمل درآمد نہیں ہوتا، کانوں کے حادثات نسبتاً عام ہیں۔

XS
SM
MD
LG