رسائی کے لنکس

سلمان خاں کی آمد پر بھگدڑ۔۔پانچ پرستار زخمی۔


سلمان خاں کی آمد پر بھگدڑ۔۔پانچ پرستار زخمی۔
سلمان خاں کی آمد پر بھگدڑ۔۔پانچ پرستار زخمی۔

سلمان خاں اپنی آنے والی فلم کے پروموشن کے لئے حیدرآباد آئے تھے۔پریس کانفرنس کے دوران بھگدڑ مچ گئی۔

بالی وڈ سٹار سلمان خاں اپنی آنے والی فلم، ویر، کی تشہیر اور فروغ کے سلسلہ میں بھارت کے مختلف علاقوں کا دورہ کررہے ہیں۔ ویر کی کامیابی کے بارے میں وہ کافی پرامید ہیں اور اس فلم کی نے ریلیز سے قبل ہی کافی شہرت حاصل کرلی ہے۔ ان دنوں بالی وڈ کے سٹارز فلم کی ریلیز سے قبل اس کی تشہیر پر توجہ دے رہے ہیں۔

حال ہی میں عامر خاں نے فلم تھری ایڈیٹس کے پرموشن کے لئے بھیس بدل کر ملک کے کئی علاقوں کا دورہ کیا تھا اور ان کی فلم نے ریکارڈ کامیابی حاصل کی۔ سلمان خاں بھی اسی راستہ پر چل پڑے ہیں۔

کسی فلم کی تشہیر اس کی مہم سے ہوتی ہے تو بعض فلمیں کسی تنازع کے سبب شہرت حاصل کرتی ہیں۔ سلمان خاں کی فلم ویر کی حیدرآباد میں دوہری تشہیر ہوگئی۔ ایک تو سلمان اور ہیروین زرین خاں کی آمد نے میڈیا میں اس کی تشہیر کردی لیکن اس کے ساتھ ایک واقعہ کےباعث بھی فلم کا نام عوام کی زبان پرآ گیا۔

یوں تو فلم ہندی زبان میں ہے لیکن آندھراپردیش میں وہ ہندی کے ساتھ تلگو زبان میں ریلیز ہورہی ہے۔ اس لئے کہ صوبہ میں تلگو زبان بولنے والوں کی اکثریت ہے۔ سلمان خاں ،ویر،کے تلگو ورشن کے خصوصی شو میں شرکت کے لئے حیدرآباد میں تھے۔ انہوں نے ایک ملٹی پلیکس میں اس شو میں شرکت کی اور پھر میڈیا سے بات چیت کی۔ اس دوران ان کے مداح سیکڑوں کی تعداد میں جمع ہوگئے اور اپنے پسندیدہ ہیرو کی ایک جھلک دیکھنے بے قابو ہوگئے۔ ایک مرحلہ پر ہجوم قابوسے باہر ہوگیا اور زبردست بھگدڑ مچ گئی۔ پولیس اور سلمان کے ذاتی سکیورٹی اہلکاروں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

اس بھگدڑ میں پانچ افراد زخمی ہوگئے جنہیں فوری طبی امداد دی گئی۔ اگر سلمان کو وہاں سے فوری منتقل نہیں کیا جاتا تو صورتحال مزید بگڑ نے کا خطرہ تھا۔ سلمان کی طرف بڑھنے والے ہجوم کو کنٹرول کرنے کے لئے پولیس کو طاقت کا استعمال بھی کرنا پڑا۔ کسی طرح دوسرے راستہ سے سلمان اور زرین کو لے جایا گیا۔ بعد میں سلمان نے اس واقعہ پر دکھ کا اظہار کیا۔

حیدرآباد میں سلمان کے ساتھ اس طرح کی صورتحال اکثر پیش آتی رہی ہے۔ اس سے قبل جب وہ ایک شوروم کے افتتاح کے سلسلہ میں آئے تھے اس وقت ملاقات کا موقع نہ دئے جانے اور سلمان کی بعض پرستاروں پر ناراضگی پر نوجوان برہم ہوگئے اور سلمان کی گاڑی پر حملہ کردیا تھا۔


سلمان خاں کی امیدوں کا مرکز فلم ویر 22 جنوری کو ریلیز ہورہی ہے۔ گزشتہ سال اس فلم کی جے پور میں شوٹنگ کے دوران قدیم قلعہ کی دیوار کے منہدم ہونے سے 15 افراد زخمی ہوگئے تھے۔ انیل شرما کی ڈائرکشن میں بنائی گئی اس فلم کی کہانی خود سلمان نے لکھی ہے۔ گیت گلزار نے لکھے ہیں۔ موسیقی ساجد واجد نے ترتیب دی ہے۔ فلم میں متھن چکرورتی، جیکی شاف، سہیل خاں اور لیزالیزارز نے کام کیا ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ فلم کی تکمیل کے ساتھ ہی سلمان نے اپنے والد سلیم خاں کے لئے خصوصی سکرینگ کا اہتمام کیا۔ فلم دیکھنے کے بعد سلیم اپنے بیٹے کی اداکاری سے اس قدر خوش ہوئے کہ وہاں سے کچھ کہے بغیر واپس ہوگئے۔ بعد میں سلمان سے انہوں نے کہا کہ ،میں نے پیار کیا، کے بعد ،ویر،ان کی بیسٹ فلم ہے۔

سلمان کا کہنا ہے کہ ،،میں نے پیار کیا،، کی ریلیز سے پہلے بھی والد نے اسی طرح کی رائے کا اظہار کیا تھا اور فلم کامیاب رہی۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ ویر کے بارے میں سلیم خاں کے اندازے کس حد تک درست ثابت ہوں گے۔

XS
SM
MD
LG