رسائی کے لنکس

لاپتا طیارے کی تلاش میں 'کافی عرصہ لگ سکتا ہے'


آسٹریلیا کے وزیراعظم ٹونی ایبٹ نے کہا کہ تقریباً پانچ کلومیٹر زیر آب تلاش ایک بڑا کام ہے جو کہ مزید کافی عرصے تک جاری رہے گا۔

آسٹریلیا کے وزیراعظم ٹونی ایبٹ نے کہا ہے کہ ملائیشیا کے لاپتا مسافر طیارے کی تلاش میں بظاہر بہت لمبا عرصہ لگ سکتا ہے۔

ہفتہ کو صحافیوں سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ تلاش کا رقبے کو قابل ذکر حد تک محدود کیا گیا ہے لیکن اب بھی بحر ہند میں ہزاروں کلومیٹر علاقے اور تقریباً پانچ کلومیٹر زیر آب تلاش ایک بڑا کام ہے جو کہ مزید عرصے تک جاری رہے گا۔

ملائیشیا کا بوئنگ 777 آٹھ مارچ کو عملے اور مسافروں سمیت 239 افراد کو کوالالمپور سے بیجنگ جاتے ہوئے دوران پرواز اچانک لاپتا ہوگیا تھا۔

بحرہند کے پانیوں میں طیارے کے بلیک باکس کی تلاش بھی کی جارہی ہے لیکن ہفتہ کو اس کا کوئی بھی سگنل موصول نہیں۔

وزیراعظم ایبٹ نے اپنے چین کے دورے کے آخری روز ہفتہ کو بتایا کہ طیارے کی تلاش کے لیے اب بھی خاصی امید برقرار ہے لیکن اس میں بدستور بہت سی مشکلات بھی درپیش ہیں۔

آسٹریلوی رہنما نے جمعہ کو چین کے صدر ژی جنپنگ سے ملاقات میں انھیں تلاش کی کارروائیوں کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔ لاپتا طیارے کے مسافروں میں اکثریت کا تعلق چین سے تھا۔

ملائیشیا کے حکام کا ماننا ہے کہ طیارے کو دانستہ طور پر مقررہ راستے سے ہٹایا گیا اور وہ سمندر میں گر کر تباہ ہوا۔ لیکن ابھی تک اس کے ملبے کا بھی کوئی سراغ نہیں لگایا جاسکا ہے۔
XS
SM
MD
LG