رسائی کے لنکس

سینیٹ کی نشست پر رپبلکن پارٹی کے امیدوار کی کامیابی


رپبلکن پارٹی کے امیدوار سکاٹ براؤن نے امریکہ کی شمال مشرقی ریاست Massachusetts میں سینٹ کی اس نشت پر ضمنی انتخاب جیت لیا ہے جو ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والے قانون ساز ایڈورڈ ”ٹیڈ“ کینیڈی کی وفات کے بعد خالی ہوگئی تھی۔

اب تک 90 فیصد سے زائد ووٹوں کی گنتی مکمل ہو چکی ہے جس کے مطابق براؤن نے ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والی مخالف امیدوار اور ریاست کی اٹارنی جنرل مارتھا کوکلے کو شکست دے دی ہے۔

اس انتخابی فیصلے نے سیاسی مبصرین اور مخالفین کو ششدر کر دیا ہے کیونکہ پچھلی تقریباََ نصف صدی سے سینیٹ کی یہ نشست ملک کے سب سے آزاد خیال سمجھے جانے والے مرحوم امریکی قانون ساز کینیڈی کے پاس تھی۔

نومنتخب سینٹر نے اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے مرحوم امریکی سینیٹر کی خدمات کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ایک اہل پیش رو ثابت ہوں گے۔ لیکن انھوں نے یہ بھی کہا کہ سینیٹ کی یہ نشست کسی ایک فرد یا پارٹی کی نہیں بلکہ عوام کی ملکیت ہے۔

100 ارکان پر مشتمل امریکی کانگریس کے ایوان بالا میں سکاٹ براؤن ریپبلکن پارٹی کے 41 ویں رکن ہونگے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ سینیٹ میں حزب مخالف کی جماعت کی یہ تعداد صحت عامہ سے متعلق صدر براک اوباما کی قانون سازی اور باقی ایجنڈے کی راہ میں رکاوٹ بنے گی۔

منگل کی شب صدر اوباما اور ہارنے والی امیدوار اوکلے نے براؤن کو ٹیلی فون کر کے انھیں ان کی جیت پر مبارک باد دی۔ سینٹ کی نشست پر ہونے والے اس انتخاب میں حکمران ڈیموکریٹک پارٹی کواوکلے کی جیت کی ضرورت تھی تاکہ کانگریس میں اپنی واضح برتری کو برقرار رکھتے ہوئے قانون سازی کے عمل میں ریپبلکن پارٹی کی طرف سے مشکلات اور رکاوٹوں کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔

ریاست Massachusetts کی سینیٹ کی نشست گذشتہ اگست میں ڈیموکریٹک سینیٹر ایڈورڈ کینیڈی کی دماغی سرطان کے باعث موت کے بعد خالی ہوگئی تھی۔ وہ امریکی صدر جان ایف کینیڈی کے چھوٹے بھائی تھے۔ ان کی اچانک موت کی وجہ سے سینیٹ کی نشست کی باقی ماندہ دو سالہ مدت بھی نومنتخب سینیٹر سکاٹ براؤن پوری کریں گے۔

XS
SM
MD
LG