رسائی کے لنکس

نائجیریا: سات غیر ملکی یرغمالی قتل


مغویوں میں برطانیہ، اٹلی اور یونان کا ایک، ایک جب کہ لبنان کے چار باشندے شامل تھے جنہیں القاعدہ سے منسلک ایک مقامی تنظیم نے گزشتہ ماہ اغوا کیا تھا۔

نائجیریا میں ایک مسلم شدت پسند تنظیم کے ہاتھوں اغوا ہونے والے سات غیر ملکی باشندوں کو اغوا کاروں نے قتل کردیا ہے۔

'القاعدہ' سے منسلک نائجیرین تنظیم 'انصارو' نے ہفتے کو اپنے ایک بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ اس نے ان ساتوں یرغمالیوں کو قتل کردیا ہے جنہیں تنظیم کے جنگجووں نے سات فروری کو ایک تعمیراتی کمپنی کے مرکز سے اغوا کیا تھا۔

ان افراد میں برطانیہ، اٹلی اور یونان کا ایک، ایک جب کہ لبنان کے چار باشندے شامل تھے جو لبنانی کمپنی 'سٹراکو' سے منسلک اور نائجیریا کی ریاست بائوچی میں تعینات تھے۔

'انصارو' نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ مغویوں کے قتل کا فیصلہ نائیجیرین اور برطانوی فوجیوں کی جانب سے ان کی رہائی کی کوششوں کے پیشِ نظر کیا گیا۔

تنظیم نے مغویوں کی لاشوں کی چند تصاویر بھی جاری کی تھیں لیکن مغویوں کے متعلقہ ممالک اتوار تک ہلاکتوں کی تصدیق نہیں کر رہے تھے۔

پیر کو اٹلی کی وزارتِ خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ دیگر ممالک سے رابطوں کے بعد اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ مغویوں کی ہلاکت کی اطلاع درست ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ مغویوں کی رہائی کے لیے کسی بھی حکومت کی جانب سے کوئی فوجی کاروائی نہیں کی گئی تھی۔

برطانیہ نے بھی اپنے ایک بیان میں "خدشہ" ظاہر کیا ہے کہ مغوی برطانوی باشندے کو بھی قتل کردیا گیا ہے۔ یونان نے بھی اپنے شہری کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے جب کہ لبنان نے خبر پر تبصرے سے انکار کیا ہے۔

ریاست بائوچی کے پولیس ترجمان نے کہا ہے کہ وہ جنگجووں کے دعویٰ کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
XS
SM
MD
LG