رسائی کے لنکس

اندرون سندھ ہڑتال کی کال واپس: میڈیا رپورٹس


فائل
فائل

قومی عوامی تحریک کے سربراہ، ایاز لطیف پلیجو نے اتوار کی رات ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کےارکان سےملاقات کے بعد، ہڑتال کی کال واپس لی ہے

سندھ کی سیاسی جماعت، قومی عوامی تحریک نے پیر کے روز ہونےوالی اندرون سندھ ہڑتال کی کال واپس لے لی ہے۔

قومی عوامی تحریک کے سربراہ، ایاز لطیف پلیجو نے اتوار کی رات ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کے بعد ہڑتال کی کال واپس لی ہے۔

نجی ٹیلی ویژن نیوز چینلز پر نشر ہونےوالی خبروں کے مطابق، ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رہنما وسیم اختر نے ایاز پلیجو سے ملاقات کے دوران کہا تھا کہ ’سندھ میں بسنے والے سبھی لوگ سندھی ہیں۔ ہم سندھ کےمسئلے پر آواز اُٹھائیں گے۔ سندھ ہماری ماں ہے۔ ماں کو دو حصوں میں نہیں بانٹا جا سکتا‘۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’سندھ میں بے پناہ وسائل ہیں۔ اُن کو درست طریقےسےبانٹنےکی ضرورت ہے‘۔


میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ، عوامی تحریک کے سربراہ ایاز پلیجو نے کہا کہ ’سندھ میں بسنے والےتمام افراد ہمارے بھائی ہیں۔ سندھ کی دولت کرپشن کےنام پرلوٹی گئی ہے‘۔

واضح رہے کہ قومی عوامی تحریک نےایم کیو ایم قائد الطاف حسین کے سندھ تقسیم کے بیان پر اندرون سندھ میں پیر کے روز احتجاجاً ہڑتال کی کال دی تھی، جو رابطہ کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کے بعد، واپس لے لی گئی ہے۔

اطلاعات کے مطابق، ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ارکان اتوار کی رات ملاقات کے لیے ایاز پلیجو کے گھر پہنچے تھے۔
XS
SM
MD
LG