رسائی کے لنکس

سراج الحق نے امیر جماعت اسلامی کا حلف اٹھالیا


اپنے عہدے کی معیاد پوری کرنے والے سابق امیر منور حسن نے جماعت کے مرکز منصورہ، لاہور میں سراج الحق سے حلف لیا۔ اس موقع پرپارٹی کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ سمیت دیگر سینئر رہنما بھی موجود تھے۔

پاکستان کے بالائی صوبے خیبرپختونخواہ کے سینئر سیاستدان سراج الحق نے بدھ کی شام جماعت <اسلامی کے پانچویں امیر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا ہے۔

اپنے عہدے کی معیاد پوری کرنے والے جماعت کے سابق امیر منور حسن نے جماعت کے مرکز منصورہ، لاہور میں ان سے حلف لیا۔ اس موقع پر پارٹی کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ سمیت دیگر سینئر رہنما بھی موجود تھے۔

سراج الحق کو پچھلے مہینے خفیہ رائے دہی کے ذریعے اس عہدے کے لئے منتخب کیا گیا تھا۔ 25,533 افراد نے ان کے حق میں ووٹ ڈالا تھا جبکہ سید منور حسن اور لیاقت بلوچ ان کے مد ِمقابل تھے۔

حلف برداری کے بعد میڈیا سے گفتگو میں نئے امیر کا کہنا تھا کہ وہ پُر امن جدوجہد کے ذریعے اسلامی انقلاب لانا چاہتے ہیں اور انقلاب مصنوعی نعروں سے نہیں بلکہ ذہنی تبدیلی سے آتا ہے۔

سراج الحق کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان کی جماعت ملک میں اسلامی فلاحی ریاست کا قیام چاہتی ہے۔

52 سالہ سراج الحق امیر منتخب ہونے سے قبل ڈپٹی چیف کے عہدے پر فائز تھے۔ صوبہ ِخیبرپختونخواہ سے امیر منتخب ہونے والے وہ دوسر ے فرد ہیں۔ اس سے قبل سابق امیر جماعت ِاسلامی قاضی حسین احمد کا تعلق بھی اسی صوبے سے تھا۔
XS
SM
MD
LG