رسائی کے لنکس

اسپین 2011ء کی بہترین فٹ بال ٹیم قرار


اسپین 2011ء کی بہترین فٹ بال ٹیم قرار
اسپین 2011ء کی بہترین فٹ بال ٹیم قرار

فٹ بال کا عالمی اور یورپی چیمپئن اسپین مسلسل چوتھے برس بھی سال کی بہترین فٹ بال ٹیم کا اعزاز اپنے نام کرنے میں کامیاب رہا ہے۔

فٹ بال کی عالمی تنظیم 'فیفا' کی جانب سے جاری کی گئی اختتامِ سال کی عالمی رینکنگ میں اسپین کی ٹیم بدستور پہلی پوزیشن پر ہے اور یوں سال کی بہترین فٹ بال ٹیم قرار پائی ہے۔

'فیفا' کی جانب سے بدھ کو جاری کی گئی ماہانہ عالمی رینکنگ میں 'ٹاپ دس' ٹیموں میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے اور نیدرلینڈز اور جرمنی کی ٹیمیں بھی بدستور دوسرے اور تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

'ٹاپ 10' میں شامل دیگر ٹیموں میں یوراگوئے چوتھے، انگلینڈ پانچویں اور برازیل چھٹے نمبر پر ہے۔ صفِ اول کی دیگر ٹیموں میں پرتگال، کروشیا، اٹلی اور ارجنٹینا شامل ہیں۔

آئیوری کوسٹ 'عالمی رینکنگ' میں 16 ویں نمبر کے ساتھ بدستور برِاعظم افریقہ کی بہترین ٹیم قرار پائی ہے جب کہ لاطینی امریکی ممالک میں میکسیکو عالمی درجہ بندی میں 21 ویں نمبر کے ساتھ سرِ فہرست ہے۔

ایشیائی ٹیموں میں یہ اعزاز جاپان کے حصے میں آیا ہے جو سال کے اختتام پر 'عالمی رینکنگ' میں 19 ویں نمبر پر موجود ہے۔

ویلز کی ٹیم کو سال کی بہترین 'موور' قرار دیا گیا ہے جو 64 درجےترقی کے بعد عالمی درجہ بندی میں 48 ویں پوزیشن پر پہنچ گیا ہے۔

مبصرین 'ویلز' کی اس شان دار کارکردگی کا سہرا ٹیم کے آنجہانی کوچ گیری اسپیڈ کے سر باندھ رہے ہیں جنہوں نے 2010ء کے اختتام پہ 116 ویں نمبر پہ آنے والی ٹیم کو مسلسل کامیابیاں دلا کر 2011ء میں 'ٹاپ 50' ٹیموں میں لاکھڑا کیا۔

گیری اسپیڈ نے 2010ء کے اختتام پر 'ویلز' کی کوچنگ سنبھالی تھی۔ گزشتہ ماہ 42 سالہ اسپیڈ کی لاش ان کی رہائش گاہ کی چھت سے لٹکتی ہوئی برآمد ہوئی تھی۔

XS
SM
MD
LG