رسائی کے لنکس

تیسرا ون ڈے: جنوبی افریقہ نے پاکستان کو شکست دے دی


جنوبی افریقہ کی ٹیم نے 180 رنز کا ہدف 38.4 اوورز میں پورا کر لیا۔

سنچورین کے مقام پر کھیلے جانے والے ون ڈے سیریز کے آخری میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 4 وکٹوں سے شکست دی۔

اس سے قبل پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 180 رنز کا ہدف دیا تھا جو جنوبی افریقہ کی ٹیم نے 38.4 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

جنوبی افریقہ کی طرف سے ہاشم آملہ 41 اور ڈی ویلیئرز 48 کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔

ہفتہ کو کھیلے جانے والے اس میچ میں میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جو ابتدا میں اچھا کھیل پیش نہ کرسکا۔

مہمان ٹیم کے ابتدائی بلے باز احمد شہزاد بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے پچھلے میچ میں سینچری اسکور کی تھی۔ ایک موقع پر صرف 97 رنز پر پاکستان کے سات کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔

کپتان مصباح الحق نے عبدالرحمن کے ساتھ مل کر اسکور کو تھوڑا سنبھالا دیا۔ کپتان نے 79 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

پاکستان کی پوری ٹیم 46.5 اوورز میں 179 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

یہ سیریز پاکستان پہلے ہی دو صفر سے جیت چکا ہے لیکن مصباح الحق تیسرا میچ جیت کر جنوبی افریقہ کو وائٹ واش کرنے کے عزم کا اظہار کرتے آ رہے تھے۔

تین اہم کھلاڑی اس میچ کے لیے میزبان ٹیم میں شامل نہیں ہیں۔ اسٹئین، اسمتھ اور کیلس کی جگہ فیلانڈر، ڈیوڈز اور پرنل ٹیم کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

پاکستانی ٹیم نے بھی محمد حفیظ، شاہد آفریدی، ناصر جمشید اور جنید خان کی جگہ عمر امین، اسد شفیق، عبدالرحمن اور سہیل تنویر کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔
XS
SM
MD
LG