رسائی کے لنکس

اسپین نے کاتالونیا کی پارلیمان تحلیل اور عہدیداروں کو برطرف کر دیا


اسپین کے وزیراعظم ماریانو راہوئے
اسپین کے وزیراعظم ماریانو راہوئے

اسپین نے کاتالونیا کی منحرف علیحدگی پسند حکومت کو برطرف کرتے ہوئے اس خطے کا براہ راست کنٹرول سنبھال لیا ہے۔

ان اقدام کے بارے میں رات دیر گئے آن لائن سرکاری گزٹ میں اعلان کیا گیا۔

ہفتہ کو علی الصبح کیا جانے والا یہ اقدام ایسے وقت کیا گیا جب کاتالونیا کے قانون سازوں نے جمعہ کو ہی اسپین سے آزادی کے حق میں قرارداد منظور کی تھی۔

اسپین کے وزیراعظم ماریانو راہوئے نے کاتالونیا کی پارلیمان کو تحلیل کرتے ہوئے 21 دسمبر کو اس خطے میں دوبارہ انتخاب منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

راہوئے اب کاتالونیا کے صدر کارلس پوئگمونت کی جگہ اس شمال مشرقی خطے کے اعلیٰ ترین فیصلہ ساز ہیں۔

پوئگمونت اور ان کی 12 رکنی کابینہ کو اب تنخواہ نہیں ملے گی اور اگر وہ حکم ماننے سے انکار کرتے ہیں تو ان کے خلاف دوسروں کو بھڑکانے کے الزامات کے کارروائی بھی ہوگی۔

اس تازہ پیش رفت پر تاحال کاتالونیا کے اعلیٰ عہدیداروں کی طرف سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا اور صرف اس خطے کی پولیس کے سربراہ نے ایک بیان میں کہا کہ وہ اس حکم پر عمل کریں گے۔

جمعہ کو کاتالونیا کی پارلیمان نے اسپین سے آزادی کے حق میں ووٹ دیا تھا اور اس پر بارسلونا میں ہزاروں لوگ جشن مناتے ہوئے سڑکوں پر بھی نکل آئے تھے۔

یکم اکتوبر کو اسپین کی مرکزی حکومت کی مخالفت کے باوجود اس خطے میں آزادی کے لیے ریفرنڈم منعقد کیا گیا تھا جس میں لوگوں کی اکثریت سے اسپین سے علیحدگی کے حق میں ووٹ دیا۔

XS
SM
MD
LG