رسائی کے لنکس

سری لنکا کی دوسری اننگز میں پراعتماد بیٹنگ


تیسرے دن کا کھیل جب ختم ہوا تو سنگاکارا 54 اور اپنے کیریئر کا آخری ٹیسٹ میچ کھیلنے والے مہیلا جے وردنے 49 رنز پر کھیل رہے تھے۔

سری لنکا نے دوسرے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ میں پاکستان کے خلاف اپنی دوسری اننگز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 177 رنز بنائے ہیں اور اسے مہمان ٹیم پر 165 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

کولمبو میں ہفتہ کو میچ کے تیسرے دن پاکستان نے اپنی پہلی اننگز کے اسکور 244 رنز چھ کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی۔

پاکستان کے بلے بازوں کی کارکردگی اس بار بھی کچھ متاثر کن نہ رہی اور پوری ٹیم 332 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔

پاکستان کی طرف سے سرفراز احمد 103 جب کہ احمد شہزاد 58 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔

سری لنکا کے ہیراتھ نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نو وکٹیں حاصل کیں جب کہ پریرا کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز میں 320 رنز بنائے تھے۔

میزبان ٹیم نے دوسری اننگز کا بھی پراعتماد انداز میں آغاز کیا لیکن 54 کے مجموعی اسکور پر ابتدائی بلے باز تھارانگا عبدالرحمن کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ 45 رنز بنانے والے تھارانگا نے پہلی اننگز میں اس بلے باز نے 92 رنز بنائے تھے۔

دوسری وکٹ سلوا کی تھی جنہوں نے 17 رنز بنائے۔

تیسرے دن کا کھیل جب ختم ہوا تو سنگاکارا 54 اور اپنے کیریئر کا آخری ٹیسٹ میچ کھیلنے والے مہیلا جے وردنے 49 رنز پر کھیل رہے تھے۔

دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں میزبان ٹیم کو ایک، صفر سے برتری حاصل ہے۔ پہلا میچ سری لنکا نے سات وکٹوں سے جیتا تھا۔

XS
SM
MD
LG