رسائی کے لنکس

سری لنکا نے جنگی جرائم کی چھان بین کا مطالبہ ردّ کردیا


انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے لیے اقوامِ متحدہ کے تفتیش کار فِلپ آلسٹن
انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے لیے اقوامِ متحدہ کے تفتیش کار فِلپ آلسٹن

سری لنکا کے انسانی حقوق کے وزیر نے ممکنہ جنگی جرائم کی غیر جانب دارانہ چھان بین کی اپیلوں کو ردّ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مبیّنہ ظلم و ستم کا وِڈیو فراڈ ہے۔

اس وِڈیومیں ایسےتامل لوگوں کو دکھایا گیا ہے جو برہنہ ہیں، جن کے ہاتھ پاؤں بندھے ہوئے ہیں اور آنکھوں پر پٹّیاں بندھی ہیں۔ اور فوج کی کیموفلاج وردی میں ملبوس لوگ انہیں قریب سے گولیاں مار کر ہلاک کررہے ہیں۔

اقوامِ متحدہ کے جس عہدے دار نے ممکنہ جنگی جرائم کی چھان بین کرانے کا مطالبہ کیا تھا، جمعے کے روز سری لنکا کے انسانی حقوق کے وزیر مہندا سمارا سنگھے نے اُن پر الزام عائد کیا کہ وہ سری لنکا کے خلاف ایک ”صلیبی جنگ“ لڑرہے ہیں۔ اور انہوں نے اصرار کے ساتھ کہا کہ وِڈیو میں جعل سازی کی گئى ہے۔

انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے لیے اقوامِ متحدہ کے تفتیش کار فِلپ آلسٹن نے جمعرات کے روز کہا تھا کہ تین ماہرین نے الگ الگ اپنے طورپر اس وِڈیو کا جائزہ لیا ہے اور وہ اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ یہ اصلی دکھائى دیتا ہے۔
اس وِڈیو کو سب سے پہلے گذشتہ اگست میں برطانوی ٹیلی ویژن چینل 4 نے نشر کیا تھا۔

کولمبو اس الزام کی تردید کرتا ہے کہ 25سال پرانی خانہ جنگی ختم ہونے کے بعد اُس کی فوجوں نے عام تامل شہریوں پر مظالم ڈھائے تھے۔ اُس کے اپنے ماہرین کی ایک کمیٹی نے وِڈیو کو جعلی قرار دے دیا ہے۔

اقوامِ متحدہ میں سری لنکا کے نائب سفیر میکس ویل کِیگل نے جمعرات کے روز وائس آف امریکہ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ وڈیو کے بارے میں تین غیر جانب دار ماہرین کے قائم کردہ اندازوں میں ”بڑا اِبہام ہے اور وضاحت کا فقدان“ ہے۔اُنہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ آلسٹن نے ماہرین کے اخذ کردہ نتائج کا برسرِ عام اعلان کرنے سے پہلے اُن پر ردّ عمل کے لیے سری لنکا کو بہت کم وقت دےکر اقوامِ متحدہ کے ضوابطِ کار کی شدید خلاف ورزی کی ہے۔

اقوامِ متحدہ کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ سیکریٹری جنرل بان گی مون اس معاملے کے بارے میں ایک کمیشن مقرر کرنے پر غور کررہے ہیں۔

ترجمان نے کہا ہے کہ اقوامِ متحدہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے الزامات کی کوئى مکمل اور غیر جانبدار انہ چھان بین کرنے میں کولمبو کی مدد کرسکتی ہے۔

برطانیہ کے ٹی وی چینل 4 کا کہنا ہے کہ اس وِڈیو کو پچھلے سال جنوری میں اُس وقت سری لنکا سے باہر سمگل کردیا گیا تھا، جب حکومت کی فوج نے تامل ٹائیگر باغیوں کے خلاف اپنی آخری لڑائیاں شروع کی تھیں۔25 سال پُرانی خانہ جنگی، مئى میں باغیوں کی شکست ساتھ ختم ہوگئى تھی۔

اقوامِ متحدہ کا اندازہ ہے کہ سری لنکا میں خانہ جنگی کے آخری مہینوں میں کم سےکم سات ہزار عام شہری ہلاک ہوئے تھے۔

دسمبر میں سری لنکا کے صدر مہندا راجا پاکسا نے ماہرینِ قانون کی ایک کمیٹی کو امریکی محکمہٴ خارجہ کی اُس رپورٹ کے جائزے کے لیے مزید وقت دے دیا تھا، جس میں سری لنکا کی فوجوں پر جنگ کے آخری مہینوں کے دوران جنگی جرائم کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

محکمہ خارجہ کی رپورٹ میں وہ اطلاعات شامل ہیں جن میں کہا گیا تھا کہ حکومت کی فوج نے اُن باغیوں کو ہلاک کردیا جو ہتھیار ڈالنے کی کوشش کررہے تھے اور یہ کہ فوج نے ممکنہ طور پر انسانی حقوق کی دوسری خلاف ورزیاں بھی کی ہیں۔

XS
SM
MD
LG