رسائی کے لنکس

شام: خود کش حملے میں 50 فوجیوں کی ہلاکت کا دعویٰ


فائل
فائل

خود کش کار حملہ 'القاعدہ' سے متاثر ایک مسلم شدت پسند تنظیم 'النصرہ فرنٹ' نے پیر کو حما کے گائوں 'زیارہ' میں کیا ہے۔

شام میں حزبِ اختلاف کی حامی ایک تنظیم نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک کے وسطی صوبے حما میں ایک خود کش کار بم حملے میں 50 سے زائد شامی فوجی اور صدر بشارا الاسد کے حامی جنگجو مارے گئے ہیں۔

برطانیہ میں قائم تنظیم 'سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس' کے مطابق خود کش کار حملہ 'القاعدہ' سے متاثر ایک مسلم شدت پسند تنظیم 'النصرہ فرنٹ' نے پیر کو حما کے گائوں 'زیارہ' میں کیا ہے۔

حملے میں ہونے والی ہلاکتوں کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔

'آبزرویٹری' کے ایک عہدیدار رمی عبدالرحمان نے مزید بتا یا ہے کہ سرکاری افواج اور باغیوں کے مابین دارالحکومت دمشق میں قائم فلسطینی مہاجرین کی ایک بستی کے نزدیک اتوار کو شروع ہونے والی جھڑپیں پیر کو مسلسل دوسرے روز بھی جاری رہیں۔

علاقے میں موجود فلسطینی پناہ گزینوں اور شام عہدیداران کے مطابق جھڑپوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران میں 30 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

دریں اثنا شامی حزبِ اختلاف کے مرکزی اتحاد 'سیرین نیشنل کونسل' کے رہنمائوں نے اتحاد میں مزید افراد اور تنظیموں کو شامل کرنے کی منظوری دیدی ہے۔

اتحاد نے یہ منظوری امریکہ اور عالمی برادری کی جانب سے شامی حزبِ اختلاف کے ایک وسیع البنیاد اور معاشرے کے تمام طبقات کا نمائندہ اتحاد تشکیل دینے کے مطالبے کے پیشِ نظر دی ہے۔

'سیرین نیشنل کونسل' نے اتحاد میں مزید جماعتوں اور رہنمائوں کی شمولیت کی منظوری قطر کے دارالحکومت دوحا میں ہونے والے اپنے ایک اجلاس میں دی۔ اتحاد کے رہنمائوں نے اتوار کو اس معاملے پر مذاکرات کا آغاز کیا تھا۔
XS
SM
MD
LG