رسائی کے لنکس

سگریٹ نوشی، کینسر کے علاوہ کئی دیگر امراض کی جڑ: رپورٹ


امریکہ میں صحت ِعامہ سے متعلق ترجمان سرجن جنرل نے متبنہہ کیا ہے کہ سگریٹ نوشی اس سے کئی زیادہ خطرناک ثابت ہو سکتی ہے جتنا کہ ہمیں ماضی میں آگاہ کیا گیا تھا۔

امریکہ میں صحت ِ عامہ سے متعلق ترجمان سرجن جنرل کا کہنا ہے ایک نئی رپورٹ متنبہہ کرتی ہے کہ سگریٹ نوشی سے اس سے کئی زیادہ عوارض لاحق ہو سکتے ہیں جتنا کہ ماضی میں بتائے گئے ہیں۔

اس تحقیق کو جسے جمعے کے روز جاری کیا گیا، سرجن جنرل کی اس رپورٹ کی 50 ویں سالگرہ کے بعد جاری کیا گیا جس میں پہلی مرتبہ اس بات کی تصدیق کی گئی تھی کہ سگریٹ نوشی سے انسان پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا ہو سکتا ہے۔

اس نئی رپورٹ کے مطابق سگریٹ نوشی نہ صرف پھیپھڑوں کے لیے نقصان دہ ہوتی ہے بلکہ اس سے ذیابیطیس، جوڑوں کی سوزش وغیرہ جیسے دیگر بہت سے مسائل بھی درپیش آ سکتے ہیں۔

1964ء میں جب پہلی مرتبہ امریکہ میں یہ اعلان کہ سگریٹ نوشی پھیپھڑوں کے کینسر کا باعث ہو سکتی ہے، امریکہ میں سگریٹ نوشی کے خلاف تحریک کا سبب بنا تھا۔ تب سے اب تک امریکہ میں سگریٹ نوشی کی شرح میں 42٪ سے 18٪ تک کمی آ چکی ہے۔

رپورٹ کے مطابق سگریٹ نوشی سے گذشتہ 50 برسوں میں تقریباً 20 ملین امریکی موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔ دوسری طرف ماہرین یہ بھی متنبہہ کرتے ہیں کہ اگر سگریٹ نوشی اسی رفتار سے جاری رہی جیسا کہ ابھی ہے تو آنے والے دنوں میں سگریٹ نوشی کے باعث 5.6 ملین بچے بھی موت کے منہ میں جا سکتے ہیں۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ امریکہ اور دنیا بھر میں تیزی سے مقبول ہونے والی ای سگریٹ کے ممکنہ نتائج کے بارے میں کچھ بھی کہنا ابھی قبل از وقت ہوگا۔ بہت سے لوگ سگریٹ نوشی سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے ای سگریٹ استعمال کر رہے ہیں۔ گو کہ ماہرین کا کہنا ہے کہ ای سگریٹ بھی انسانی صحت کے لیے خطرناک ہے۔

رپورٹ بتاتی ہے کہ سگریٹ نوشی ابھی بھی امریکہ میں بے وقت اموات کا ایک بڑا سبب ہے۔ رپورٹ کے مطابق امریکہ ہر برس 289 ارب ڈالر سے زیادہ کی رقم سگریٹ نوشی کے باعث ہونے والی بیماریوں کے علاج پر صرف کرتا ہے۔

ماہرین کے مطابق ایسے افراد جو خود تو سگریٹ نوشی نہیں کرتے مگر اس فضاء میں سانس لیتے ہیں جہاں سگریٹ نوشی کا دھواں ہو، ان میں فالج کے حملے کا امکان 20 سے 30٪ تک بڑھ جاتا ہے۔

اس مسئلے کے حل کے لیے، سرجن جنرل کی تجویز ہے کہ سگریٹ نوشی کے تدارک کے لیے اقدامات کو بڑھانا چاہیئے۔ ماہرین تجویز کرتے ہیں کہ سگریٹ نوشی میں کمی کے لیے سگریٹ کی قیمت بڑھانے اور عمارتوں کے اندر سگریٹ نوشی پر زیادہ پابندیاں عائد ہونی چاہیئں۔
XS
SM
MD
LG