رسائی کے لنکس

شام: فوجی کارروائی، داعش کا چوٹی کا کمانڈر ہلاک


ابو سیاف کے بارے میں امریکہ کا کہنا ہے کہ وہ دولت اسلامیہ کے شدت پسند گروہ کی مالی کارروائیوں سے منسلک تھے، جن میں تیل کی چور بازاری بھی شامل ہے، جس دھندے کے ذریعے اس تنظیم کی کارروائیوں کے لیے رقوم اکٹھی کی جاتی ہیں

وائٹ ہاؤس اور پینٹاگان نے بتایا ہے کہ امریکہ کی خصوصی افواج نے مشرقی شام میں داعش کے ایک چوٹی کے کمانڈر کو ہلاک کر دیا ہے، جب کہ اُن کی بیوی کو پکڑ لیا گیا ہے۔

رات گئے مارے گئے اس چھاپے کے دوران، ایک شخص کو ہدف بنایا گیا، جنھیں ابو سیاف کے نام سے جانا جاتا تھا۔
امریکہ نے اُنھیں دولت اسلامیہ کے شدت پسند گروہ کی مالی کارروائیوں سے منسلک قرار دیا ہے، جن میں تیل کی چور بازاری بھی شامل ہے، جس دھندے کے ذریعے اس تنظیم کی کارروائیوں کے لیے رقوم اکٹھی کی جاتی ہیں۔

وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ امریکی صدر براک اوباما نے جمعے کی رات گئے پینٹاگان کو احکامات جاری کیے کہ عراق میں تعینات امریکی اہل کاروں کو الامر میں کارروائی کرنے کے لیے روانہ کیا جائے۔

داعش کے رہنما کی بیوی، جن کا نام امِ سیاف بتایا جاتا ہے، اس وقت عراق میں امریکی فوج کی حراست میں ہیں۔ چھاپے کے دوران، اُن کی تحویل سے ایک نوجوان یزیدی خاتون بھی برآمد ہوئیں۔

نیشنل سکیورٹی کونسل کی خاتون ترجمان، برنادے میہان کے مطابق، کارروائی کے دوران کوئی امریکی اہل ہلاک و زخمی نہیں ہوا۔

امریکی وزیر خارجہ ایشٹن کارٹر نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ ’اِس کارروائی سے داعش کو پہنچائی گئی ایک اور ضرب کا بخوبی پتا چلتا ہے۔ اور یہ اس بات کا اعادہ ہے کہ امریکہ کبھی بھی دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانوں کو برداشت نہیں کرے گا جو ہمارے شہریوں، دوستوں اور اتحادیوں کے لیے خطرے کا باعث بنے ہوئے ہوں۔‘

XS
SM
MD
LG