رسائی کے لنکس

طالبان کو دوبارہ سماج میں سمونے کے پروگرام کے لیے 14 کروڑ ڈالر کے وعدے


افغانستان کو مستحکم کرنے کے بارے میں لندن میں ایک بین الاقوامی کانفرنس مندوبین کی جانب سے اُس فنڈ کے قیام کے لیے 14 کروڑ ڈالر سے زیادہ رقوم کے وعدوں کے ساتھ ختم ہو گئى ہے جس کا مقصد طالبان جنگ جوؤں کو دوبارہ افغان معاشرے کا حصّہ بنانا ہو گا۔

برطانوی وزیرِ خارجہ ڈیوڈ ملی بینڈ نے جمعرات کے روز اُس ایک روزہ کانفرنس کے اختتام پر ان وعدوں کا اعلان کیا، جس میں لگ بھگ 70 ملکوں کے مندوبین نے شرکت کی۔

وزیرِ خارجہ نے کہا ہے کہ جتنی رقم کا وعدہ کیا گیا ہے، وہ اس پروگرام کے پہلے سال کے لیے ہو گی۔ اور یہ کہ طالبان کو واپس افغان معاشرے میں رچانے بسانےکی اس کوشش کے لیے بین الاقوامی عزم موجود ہے۔

خیال ہے کہ اس پورے پروگرام کی مالیت تقریباً 50 کروڑ ڈالر ہو گی۔اس کے تحت افغانستان میں بغاوت کو کمزور کرنے کے لیے طالبان کے اُن لشکریوں کو ملازمتیں فراہم کی جائیں گی، جو تشدّد اور انتہا پسندانہ نظریات کو ترک کر دیں گے۔

اس سے پہلے امریکی وزیرِ خارجہ ہلری کلنٹن نے کہا کہ طالبان لشکریوں کو دوبارہ معاشرے کا حصّہ بنانے کے بارے میں افغان صدر حامد کرزئى کے منصوبے سے افغانستان کو مزید استحکام اور سلامتی مِلے گی۔

انہوں نے کہا کہ صحیح ترغیبات فراہم کی جائیں تو بہت سے نچلی سطح اور درمیانی سطح کے طالبان لشکری افغان جمہوریت کا حصّہ بن سکتے ہیں، بشرطیکہ وہ تشدّد کو ترک کر دیں اور افغانستان کے آئین کے تمام تقاضوں کو قبول کر لیں۔

کانفرنس کے مندوبین نے اس بات سے بھی اتفاق کیا ہے کہ افغانستان کو خود اپنی سلامتی پر زیادہ اختیار حاصل ہونا چاہئیے۔ کانفرنس کے اختتام پر جاری ہونے والے ایک اعلامیے میں مندوبین نے کہا ہے کہ انہوں نے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے سخت کوشش کرنے کا عزم کیا ہے کہ افغان حکومت خود اپنے اداروں اور وسائل کو ترقی دیتے ہوئے اپنے شہریوں کی ضرورتوں کو پورا کرنے کے لیے اپنی صلاحیتوں میں مسلسل اضافہ کرتی رہے۔

اعلامیے میں کہا ہے کہ افغان حکومت اسی سال کابل میں ایک اور کانفرنس کی میزبانی کے فرائض انجام دے گی۔

XS
SM
MD
LG