رسائی کے لنکس

چارسدہ: بظاہر رشتے کے تنازع پر ایک ہی خاندان کے 10 افراد قتل


فائل فوٹو
فائل فوٹو

ملزم نے اپنے والدین کی مرضی کے بغیر اپنے چچا کی بیٹی سے رشتہ طے کر رکھا تھا اور اسی ناچاقی پر گل احمد نے گزشتہ نومبر میں اپنے والد اور دو بھائیوں سمیت پانچ افراد کو قتل کر دیا تھا۔

پاکستان کے شمال مغربی صوبہ خیبر پختونخواہ میں ایک شخص نے فائرنگ کر کے ایک ہی خاندان کے دس افراد کو قتل کردیا ہے۔

حکام کے مطابق یہ واقعہ ہفتہ کو دیر گئے چارسدہ کے علاقے تنگی میں پیش آیا جہاں گل احمد نامی شخص نے بظاہر رشتے کے تنازع پر اپنے چچا اور اس کے خاندان کے دیگر نو افراد کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔

مرنے والوں میں چار خواتین اور ایک 14 سالہ لڑکی بھی شامل ہے۔

ابتدائی تفتیش کے بعد مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے اپنے والدین کی مرضی کے بغیر اپنے چچا کی بیٹی سے رشتہ طے کر رکھا تھا اور اسی ناچاقی پر گل احمد نے گزشتہ نومبر میں اپنے والد اور دو بھائیوں سمیت پانچ افراد کو قتل کر دیا تھا۔

ملزم بعد ازاں قبائلی علاقے میں روپوش ہوگیا لیکن اس کا اپنے چچا کے گھر آنا جانا رہتا تھا۔

اطلاعات کے مطابق گل احمد کے چچا نے اس سے اپنی بیٹی کی منگنی توڑ دی تھی اور بظاہر اس رنجش کی وجہ سے اس نے اپنے چچا اور اس کے خاندان والوں کو بھی قتل کر دیا۔ مرنے والوں میں ملزم کی منگیتر بھی شامل ہے۔

ملزم قتل کے بعد موقع واردات سے فرار ہو گیا جب کہ پولیس نے لاشیں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دی ہیں۔

پاکستان میں گھریلو ناچاقی یا رشتے کے تنازع پر اہل خانہ کو قتل کرنے کے واقعات اس سے پہلے بھی رونما ہوتے رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG