رسائی کے لنکس

تھائی لینڈ کا شدت پسندوں سے مذاکرات پر اتفاق


فائل فوٹو
فائل فوٹو

ملائیشیا میں مقیم نیشنل ریوولوشن فرنٹ تھائی لینڈ کے جنوب میں مسلم اکثریتی آبادی والے علاقوں کی خودمختاری کے لیے مسلح جدوجہد کرنے والے گروپوں میں سے ایک ہے۔

تھائی لینڈ نے پہلی مرتبہ ایک بڑے مسلمان باغی گروپ کے ساتھ امن مذاکرات پر اتفاق کیا ہے جو کہ ملک کے جنوب میں تقریباً دس برسوں سے جاری تشدد کے خاتمے کی کوششوں میں ایک اہم پیش رفت ہے۔

اعلیٰ حکام اور نیشنل ریوولوشن فرنٹ کے نمائندوں نے جمعرات کو ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت دو ہفتوں میں مذاکراتی عمل کا آغاز کیا جائے گا۔

اس معاہدے پر ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں دستخط ہوئے جہاں تھائی لینڈ کی وزیراعظم ینگلک شیناوترا اپنے ملائیشیئن ہم منصب نجیب رزاق سے ملاقات کر رہی ہیں۔

ملائیشیا میں مقیم نیشنل ریوولوشن فرنٹ تھائی لینڈ کے جنوب میں مسلم اکثریتی آبادی والے علاقوں کی خودمختاری کے لیے مسلح جدوجہد کرنے والے گروپوں میں سے ایک ہے۔ یہ دیکھنا ابھی باقی ہے کہ آیا دیگر گروپ بھی ان مذاکرات میں شمولیت پر رضا مند ہوتے ہیں یا نہیں۔

اس علاقے میں 2004ء سے شدید پرتشدد کارروائیاں جاری ہیں جن میں اب تک پانچ ہزار سے زائد افراد مارے جاچکے ہیں۔ ان میں تھائی لینڈ کے بدھ مت کے پیروکار اور مسلمان برادری کے افراد شامل ہیں۔

حکام نے 2005ء میں یہاں ہنگامی حالت نافذ کرکے فوج کو علاقے میں وسیع اختیارات دیے تھے جن میں لوگوں کو گرفتار کرکے قید میں رکھنے کا اختیار بھی شامل تھا۔ لیکن اس حکومتی اقدام کے بعد یہاں سکیورٹی فورسز پر بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے الزامات بھی لگائے جاتے رہے ہیں۔
XS
SM
MD
LG