رسائی کے لنکس

چین میں ایک اور بدھ راہب کی خودسوزی کی کوشش


چین میں ایک اور بدھ راہب کی خودسوزی کی کوشش
چین میں ایک اور بدھ راہب کی خودسوزی کی کوشش

چین میں ایک 19 سالہ تبتی نژاد بدھ راہب کی خودسوزی کی کوشش کو سیکیورٹی اہلکاروں نے بروقت مداخلت کرکے ناکام بنا دیا ہے۔

جلاوطن تبتی باشندوں کا کہنا ہے کہ لوبسانگ گیاٹسو نامی راہب نے چین کے جنوب مغربی صوبے سیچوان میں پیر کی دوپہر خود کو آگ لگالی۔ راہب نے خود سوزی کرنے سے قبل چینی حکومت کے خلاف نعرے بھی لگائے۔

اطلاعات کے مطابق پولیس کےاہلکاروں نے بروقت مداخلت کرکے آگ بجھادی اور زخمی راہب کو اپنے ہمراہ لے گئے۔ راہب کی طبیعت اور اس کی موجودگی سے متعلق تاحال کوئی اطلاع نہیں ہے۔

بدھ مت سے تعلق رکھنے والے نوجوان راہبوں کی جانب سے سیچوان کے قصبے نگابا کے نزدیک بطورِ احتجاج خودسوزی کی کوشش کا گزشتہ تین روز میں یہ دوسرا واقعہ تھا۔

اس سے قبل ہفتے کو ایک 18 سالہ راہبہ تینزن نے سرِ عام خودسوزی کرلی تھی۔

پیر کو پیش آنے والے واقعہ کے بعد گزشتہ سال سے اب تک خودسوزی کی کوشش کرنے والے تبتی باشندوں کی تعداد 21ہوگئی ہے۔

تبتی باشندوں کی جلاوطن تنظیموں کا کہنا ہے کہ مارچ 2011ء میں سیچوان کی ایک بدھ عبادت گاہ میں ایک نوجوان بدھ بھکشو کی خودسوزی سے شروع ہونے والے اس منفرد احتجاج کے دوران میں اب تک 12 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG