نیوزی لینڈ نے پاکستان کو سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے ایک میچ میں باآسانی9 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
کرائسٹ چرچ کے ہیگلے اوول گراؤنڈ میں منگل کو کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹںگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بنائے۔
میزبان نیوزی لینڈ کو ملنے والا آسان ہدف کیویز کے بلے بازوں نے ایک وکٹ کے نقصان پر 17ویں اوور میں ہی حاصل کر لیا۔ اوپنرز فن ایلن نے جارحانہ بیٹںگ کرتے ہوئے چھ چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 42 گیندوں پر 62 رنز کی اننگز کھیلی۔
وکٹ کیپر بلے باز ڈیون کونوے 49 اور کپتان کین ولیم سن نو رنز کے ساتھ ناقابلِ شکست رہے۔
اس سے قبل کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹںگ کا فیصلہ کیا تو گرین شرٹس نے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بنائے۔
اوپننگ جوڑی محمد رضوان اور بابر نے محتاط انداز میں اننگز کا آغاز کیا۔ پاکستانی ٹیم کا مجموعی اسکور 30 تک پہنچا تو رضوان 16 رنز بنانے کے بعد بریسویل کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے جس کے بعد شان مسعود کریز پر آئے لیکن وہ بھی زیادہ دیر جم کر نہ کھیل سکے۔ شان 14 رنز بنا کر سینٹنر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
شان کے آؤٹ ہونے کے بعد وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی چلی گئیں۔ پاکستانی ٹیم کا مجموعی اسکور 77 تک پہنچا تو آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔
چوتھے نمبر پر بیٹںگ کے لیے آنے والے شاداب خان آٹھ، کپتان بابر اعظم 21 اور حیدر علی آٹھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
چھٹی وکٹ پر افتخار احمد اور آصف علی نے 34 گیندوں پر 51 رنز کی شراکت قائم کی اور پاکستان ٹیم کا مجموعی اسکور 126 تک پہنچا تو میچ کے آخری اوور میں افتخار احمد غیر ضروری شارٹ کھیلتے ہوئے کیچ دے بیٹھے۔ انہوں نے تین چوکوں کی مدد سے 27 گیندوں پر 27 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی، مچل سینٹنر اور مچل بریسویل نے دو، دو جب کہ ایش سودھی نے ایک وکٹ حاصل کی۔