رسائی کے لنکس

تیونس کے مستقبل میں خواتین کا کردار


گذشتہ برس اولمپکس میں تیونس نےخواتین کا پہلا تمغہ جیتا تھا۔ لیکن، تیونس میں چند لوگوں نے چاندی کا تمغہ جیتنے والی حبیبہ غریبی کے لباس پر اعتراض کیا تھا

تیونس کے ایک جم میں مرد اور خواتین ایک ہی جگہ پر قومی ریسلنگ کے مقابلوں کے لیے تیاری کرتے ہیں۔

مروہ میزان افریقی چمپئن ہیں اور گذشتہ سال لندن اولمپکس میں حصہ لے چکی ہیں۔ وہ کہتی ہیں، ’’مردوں کے ساتھ ٹریننگ کرنا زیادہ مشکل کام ہے۔‘‘


گذشتہ برس اولمپکس میں تیونس نے خواتین کا پہلا تمغہ جیتا تھا۔ لیکن تیونس میں چند لوگوں نے چاندی کا تمغہ جیتنے والی حبیبہ غریبی کے لباس پر اعتراض کیا تھا۔

تیونس میں خواتین کے کھیل کود میں حصہ لینے اور اس حوالے سے خواتین کے مستقبل کے بارے میں سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔

اہلام بہلاج خواتین کی ایک تنطیم کی سرگرم رکن ہیں۔ ان کا کہنا ہے، ’’تیونس کے معاشرے میں خواتین کو مردوں کے برابر حقوق دینے کی بات تو کی جاتی ہے۔ لیکن ابھی اس حوالے سے بہت کچھ کرنا باقی ہے۔‘‘


تیونس کی قومی اسمبلی میں آئین پر ابھی بھی بحث جاری ہے۔ مہر ضیا لبیدی تیونس کی حکمران جماعت کی رکن ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ آئین کا متن خواتین کے کردار کو ٹھیک طرح بیان نہیں کرتا۔ ان کے الفاظ، ’’ہم آئین میں خواتین کے لیے زیادہ بہتر انداز میں اور تفصیل کے ساتھ متن تیار کر رہے ہیں۔ تاکہ اسے مستحکم قانونی حیثیت حاصل ہو۔ اس میں سب سے اہم بات یہ ہے کہ ریاست خواتین کو ان کے حقوق دینے کی پابند ہو۔‘‘

حال ہی میں حکمران جماعت اناہدا کی ایک ریلی میں خواتین بھی شریک تھیں۔ ایک خاتون کا اس موقع پر کہنا تھا، ’’میں ان خواتین کی حمایت کرتی ہوں جن کے بچے ہیں، وہ خواتین جو اپنے شوہروں کی عزت کرتی ہیں، اپنے کام کی عزت کرتی ہیں اور اپنی زندگیوں کی عزت کرتی ہیں۔‘‘


خواتین کی ایک اور سرگرم تنظیم سے تعلق رکھنے والی آمنہ مناف قدرے مختلف خیالات رکھتی ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ حکمران جماعت کا اثرورسوخ خواتین کے حقوق کو متاثر کر رہا ہے۔ ان کے الفاظ، ’’سیاسی جماعتیں خواتین کے حوالے سے اپنے ایجنڈے پر کام کر رہی ہیں۔ یہ رجحان ملک کی خواتین کے لیے زیادہ خطرناک ہے۔‘‘

تیونس کے اس جم میں جہاں خواتین اور مرد حضرات کی ٹیمیں ایک ہی جگہ پر اکٹھے ریسلنگ کی مشق کر رہے ہیں۔ یہاں پر موجود مرد اور خواتین کا کہنا ہے کہ وہ اس جگہ پر سیاست کو بھول جاتے ہیں اور صرف اپنے کام پر توجہ دیتے ہیں۔ ان کے ذہنوں میں صرف ایک ہی بات ہے اور وہ ہے کہ انہیں تیونس کے جھنڈے کی لاج رکھنی ہے اور اسے نئی بلندیوں پر لے کر جانا ہے۔
XS
SM
MD
LG