رسائی کے لنکس

ترکی کا متروکہ املاک مالکان کے حوالے کرنے کا اعلان


ترکی کا متروکہ املاک مالکان کے حوالے کرنے کا اعلان
ترکی کا متروکہ املاک مالکان کے حوالے کرنے کا اعلان

ترکی کی حکومت نے سرکاری تحویل میں لی گئی مذہبی اقلیتوں کی املاک کو ان کے مالکان کے حوالے کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ترک حکومت کے اس اعلان کو یورپی یونین میں شمولیت کی کوششوں کا حصہ قرار دیا جارہا ہے۔

ترک حکومت نے کہا ہے کہ اس کی جانب سے 1936ء سے لے کر اب تک تحویل میں لی گئی عمارات ان کے مالکان کو لوٹادی جائیں گی۔ تحویل میں لی گئی ان عمارات کی فہرست میں 150 سے زائد ایسی املاک شامل ہیں جو ترک عیسائیوں اور یہودیوں کی ملکیت رہی ہیں۔

حکام نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے فروخت کی جانے والی عمارات کے بدلے ان کے مالکان کو معاوضہ ادا کیا جائے گا۔

حکام کے مطابق جن عمارات کو ان کے اصل مالکان کو واپس کیا جارہا ہے ان میں اسکول، اسپتال، یتیم خانے اور قبرستان شامل ہیں جو ماضی میں یونانی، آرمینی اور یہودی اقلیتی گروہوں اور افراد کے زیرِانتظام رہے ہیں۔

یورپی یونین کی جانب سے ترکی پر مذہبی وابستگیوں سے متعلق قوانین اور پابندیاں نرم کرنے اور غیر مسلموں کے خلاف روا رکھے جانے والے امتیازی سلوک کے خاتمے کے لیے دباؤ ڈالا جاتا رہا ہے۔

واضح رہے کہ ترکی کی ایک فی صد سے بھی کم آبادی مذہبی اقلیتوں سے تعلق رکھتی ہے۔

XS
SM
MD
LG