رسائی کے لنکس

جمہوریہ چیک کی پاکستان سے اغواء ہونے والی دو سیاح خواتین رہا


جمہوریہ چیک کے وزیراعظم
جمہوریہ چیک کے وزیراعظم

خبر رساں ادارے رائیٹرز نے جمہوریہ چیک کے وزیراعظم کے حوالے سے کہا ہے کہ ان کی رہائی کے لیے مذاکرات میں ترکی کی ایک امدادی تنظیم ’’آئی ایچ ایچ‘‘ نے کردار ادا کیا۔

پاکستان کے صوبہ بلوچستان سے 2013ء میں اغواء کی گئی جمہوریہ چیک کی دو خواتین سیاحوں کو رہا کر دیا گیا ہے۔

جمہوریہ چیک کے وزیراعظم بوہوسلاف سوباٹکا نے ایک بیان میں ان خواتین کی رہائی کی تصدیق کی۔

خبر رساں ادارے رائیٹرز نے جمہوریہ چیک کے وزیراعظم کے حوالے سے کہا ہے کہ ان کی رہائی کے لیے مذاکرات میں ترکی کی ایک امدادی تنظیم ’’آئی ایچ ایچ‘‘ نے کردار ادا کیا۔

تاہم اُن کی رہائی کن شرائط پر ہوئی اس بارے میں کوئی وضاحت سامنے نہیں آئی۔

ہینا ہمپالوا اور اینتھونی چارسٹیکہ کو مارچ 2013ء میں اُس وقت اغوا کیا جب وہ پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں سفر کر رہی تھیں۔

اُس وقت بلوچستان کے صوبائی حکام نے بتایا تھا یہ ایران سے بلوچستان کے ضلع چاغی میں داخل ہوئیں تھیں اور اُن کی حفاظت کے لیے لیویز اہلکار بھی تعینات تھے لیکن اغواء کار سرکاری اہلکاروں کو وہیں چھوڑ گئے۔

یہ خواتین سیاح چھٹیاں گزارنے ایران، پاکستان اور بھارت کے دورے پر تھیں اور اُنھیں پاکستان کے راستے بھارت میں داخل ہونا تھا کہ پاکستان عبور کرنے سے پہلے ہی اغوا کر لیا گیا۔

بلوچستان کے ضلع لورالائی سے شدت پسندوں نے ایک سوئس جوڑے کو بھی 2011ء کے وسط میں اغواء کیا تھا جنہیں تقریباً آٹھ ماہ بعد رہا کیا گیا۔ شدت پسندوں کا کہنا تھا کہ یہ رہائی تاوان کے بعد عمل میں آئی۔

XS
SM
MD
LG