رسائی کے لنکس

ملکہ برطانیہ کی صحت سے متعلق ڈاکٹروں کا اظہارِ تشویش، اہل خانہ عیادت کے لیے پہنچ گئے


برطانیہ کے شاہی محل سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ملکۂ برطانیہ کے معالجین نے ان کی صحت سے متعلق تشویش کا اظہار کیا ہے۔

شاہی محل بکنگھم پیلس سے جاری ہونے والے اس بیان کے ساتھ ہی ملکۂ برطانیہ الزبتھ دوم کے اہل خانہ کے ان کے پاس بالمورل محل میں جمع ہونے کی اطلاع بھی سامنے آئی ہیں۔واضح رہے کہ ملکہ برطانیہ اس وقت اپنی لندن کے بکنگھم پیلس کے بجائے اسکاٹ لینڈ کے بالمورل کیسل میں مقیم ہیں۔

چھیانوے سالہ ملکہ الزبتھ برطانیہ کی سب سے طویل عرصے تک رہنے والی حکمران ہیں۔ اس کے علاوہ وہ اس وقت دنیا کی معمر ترین شاہی حکمران بھی ہیں۔ گزشتہ برس کے آخر میں جاری کردی بیان میں بکنگھم پیلس نے کہا تھا کہ انہیں وقفے وقفے سے نقل و حرکت میں دشواری کا سامنا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق شاہی محل کے جاری کردہ حالیہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ملکہ کے ڈاکٹروں نے ان کی صحت سے متعلق فکر مندی کا اظہار کیا ہے اور ان کے لیے طبی نگہداشت میں رکھنے کی تجویز دی ہے۔شاہی محل کے بیان کے مطابق ملکہ بالمورل میں پُرسکون ہیں۔

حکام کے مطابق ملکہ کے بڑے بیٹے اور ولی عہد شہزادہ چارلس اپنی اہلیہ کمیلا اور اپنے بڑے بیٹے شہزادہ ولیمز کے ساتھ اسکاٹ لینڈ میں واقع شاہی خاندان کے بالمورل قلعے میں پہنچ چکے ہیں جہاں اس وقت ملکہ مقیم ہیں۔

گزشتہ برس اکتوبر میں ملکہ الزبتھ نے ایک رات اسپتال میں گزاری تھی اور اس کے بعد ان کی عوامی مصروفیات محدود کردی گئی تھیں۔

ڈاکٹروں کے آرام کرنے کے مشورے پر انہوں نے بدھ کو سینئر وزرا کے ساتھ ایک ورچوئل اجلاس بھی ملتوی کردیا تھا۔

ملکہ برطانیہ وزیراعظم لز ٹرس کے ساتھ۔
ملکہ برطانیہ وزیراعظم لز ٹرس کے ساتھ۔

گزشتہ روز وزیراعظم لز ٹرس کی نامزدگی کے موقع پر ان کی ایک تصویر بھی جاری کی گئی تھی۔

الزبتھ دوم 1952 سے برطانیہ سمیت دیگر درجن بھر ممالک کی ملکہ ہیں۔ رواں برس انہیں تخت نشیں ہوئے 70 برس مکمل ہوچکے ہیں اور اس موقعے پر ان کی تاجپوشی کی ڈائمنڈ جوبلی بھی منائی گئی تھی۔

ملکہ کی صحت سے متعلق خبروں پر وزیرِ اعظم برطانیہ لز ٹرس ، برطانیہ میں لیبر پارٹی سے تعلق رکھنے والے قائد حزبِ اختلاف کیئر اسٹارمر اور برطانوی دارالعوام کے اسپیکر لنزے ہوئل نے بھی اپنے پیغامات میں فکر مندی کا اظہار کیا ہے۔

(خبر کا کچھ مواد رائیٹرز سے لیا گیا)

XS
SM
MD
LG