رسائی کے لنکس

برطانوی انتخابات میں پولنگ کا آغاز


برطانیہ میں 650 سیٹوں پر مشتمل پارلیمان کے انتخاب کے لیے پولنگ کا آغاز ہو گیا ہے اور سال 1992ء میں ہونے والے انتخابات کے بعد یہ مقابلہ سب سے زیادہ کانٹے دار سمجھا جا رہا ہے ۔

برطانیہ کی تین بڑی جماعتوں، لیبر، کنزرویٹو اور لبرل ڈیموکریٹس کے رہنما وزیرِاعظم کا عہدہ حاصل کرنے کی دوڑ میں شامل ہیں۔

جمعرات کو پولنگ کا آغاز مقامی وقت کے مطابق صبح سات بجے ہوا جو رات دس بجے تک جاری رہے گا۔

برطانوی پارلیمان کے ایوانِ زیریں اور دارالعوام کی کْل نشستوں میں سے 533 انگلینڈ میں، 59 سکاٹ لینڈ میں، 40 ویلز میں اور 18 نادرن آئرلینڈ میں ہیں جن پر انتخاب کے لیے چار ہزار سے زائد امیدوار میدان میں ہیں۔

برطانیہ میں ووٹروں کی کْل تعداد تقریباً چار کروڑ چالیس لاکھ ہے۔اطلاعات کے مطابق ووٹروں کی ایک بڑی تعداد پوسٹل بیلیٹ کے ذریعے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر چکی ہے۔

مبصرین کی رائے میں انتخابات میں کسی ایک جماعت کی واضح اکثریت حاصل کرنے کا امکان بہت کم ہے جس کے باعث خیال کیا جا رہا ہے کہ ایک مخلوط حکومت سامنے آئے گی۔

ووٹروں کا کہنا ہے کہ اْن کو درپیش مسائل میں سرِفہرست معیشت ہے جبکہ دیگر قابلِ ذکر معاملات میں صحت، تعلیم، سکیورٹی شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG