رسائی کے لنکس

جنوبی کوریا: امریکی سفیر اسپتال سے فارغ


مارک لپرٹ کا کہنا تھا کہ اس حملے کے بعد جنوبی کوریا سے ان کی "محبت" اور زیادہ بڑھ گئی ہے اور وہ جلد ہی اپنے کام پر واپس آئیں گے۔

جنوبی کوریا کے لیے امریکی سفیر روبہ صحت ہونے کے بعد سیئول کے اسپتال سے فارغ ہو گئے ہیں۔

گزشتہ ہفتے ایک تقریب کے دوران سفیر مارک لپرٹ پر ایک شخص نے چاقو سے وار کیا تھے جس سے ان کے چہرے اور کلائی پر زخم آئے تھے۔

منگل کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سفیر لپرٹ کا کہنا تھا کہ اب وہ بہت اچھا محسوس کر رہے ہیں اور "توقع ہے کہ وہ جلد مکمل صحت یاب ہو جائیں گے۔"

"یہ بلاشبہ ایک ڈراؤنا واقعہ تھا۔ لیکن میں چل پھر رہا ہوں، بات کر رہا ہوں، اپنے بچے کو گود میں اٹھا رہا ہوں، اپنی اہلیہ سے بغلگیر ہو رہا ہوں۔ لہذا میں بہت اچھا محسوس کر رہا ہوں۔ مجھے اپنے بازو سے متعلق تھوڑی بحالی کے لیے کام کرنا ہے۔"

لپرٹ کے چہرے کے دائیں رخسار پر زخم کو ٹھیک کرنے کے لیے 80 ٹانکے لگائے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس حملے کے بعد جنوبی کوریا سے ان کی "محبت" اور زیادہ بڑھ گئی ہے اور وہ جلد ہی اپنے کام پر واپس آئیں گے۔

42 سالہ سفیر نے زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ سیئول میں خود کو "بہت محفوظ" محسوس کرتے ہیں لیکن ان کے بقول امریکی حکام اس واقعے کے بعد اپنی سکیورٹی پالیسیوں پر کڑی نظر ثانی کریں گے۔

گزشتہ ہفتے ایک سرگرم قوم پرست شخص نے امریکی سفیر پر چاقو سے حملہ کیا تھا۔ یہ شخص جنوبی کوریا اور امریکہ کی سالانہ مشترکہ فوجی مشقوں پر برہم تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ 55 سالہ حملہ آور کم کی جونگ کو اقدام قتل کے الزامات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

XS
SM
MD
LG