رسائی کے لنکس

مشرقی ایشیا کے لیے سینئر امریکی عہدیدار کا چار ملکی دورہ


کرٹ کیمپبل (فائل فوٹو)

امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ مشرقی ایشیا کے لیے اس کے سینئر عہدیدار رواں ہفتے چار ایشیائی ملکوں کا دورہ کریں گے۔

جاری ہونے والے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ مشرقی ایشیا اور اوقیانوس کے امور کے لیے معاون وزیر خارجہ کرٹ کیمپبل منگل کو سنگاپور، انڈونیشیا،ملائیشیا اور جاپان کے اپنے دورے پر روانہ ہورہے ہیں۔

کیمپبل جمعرات کو سنگاپورمیں وہاں کے حکومتی عہدیداروں اور سیاسی تجزیہ نگاروں سے ملاقات میں دوطرفہ اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔وہاں سے کیمپبل انڈونیشیا کے دارالحکومت روانہ ہوں گے جہاں وہ آسیان اور مشرقی ایشیائی اجلاس کی تیاری کے لیے حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔

امریکی عہدیدار کا اگلا پڑاؤکوالالمپور ہوگا جہاں وہ ہفتے کو ملائیشین حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ علاوہ ازیں وہ ماہرین تعلیم اور کاروباری شخصیات سے بھی ملیں گے۔

اتوار کو کیمپبل کی ٹوکیو میں جاپانی عہدیداروں سے ملاقاتوں میں دوطرفہ اور عالمی امور زیر بحث آئیں گے۔

محکمہ خارجہ سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق کیمپبل کے دورے کا مقصد جنوب مشرقی ایشیا میں امریکی سفارتکاری کو مزید فروغ دینا ہے۔

XS
SM
MD
LG