رسائی کے لنکس

امریکہ: ایک سالہ بچہ 11 ویں منزل سے گر کر بھی زندہ


موسیٰ کی معالج ٹینا سلاشر کا ایک مقامی ریڈیو سے گفتگو میں کہنا تھا کہ یقیناً یہ ایک معجزہ ہے۔ یہ اسکے خاندان کے لیے خدا کا ایک تحفہ ہے۔

امریکی ریاست منیسوٹا میں پندرہ ماہ کا بچہ ایک عمارت کی 11 ویں منزل سے گرنے کے بعد معجزاتی طور پر زندہ بچ گیا۔

موسیٰ دیاب کے دونوں بازو ٹوٹ گئے اور وہ مصنوعی آلہ تنفس کی مدد سے سانس لے رہا ہے تاہم اس امید کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ وہ زندہ رہے گا۔

موسیٰ کی معالج ٹینا سلاشر کا ایک مقامی ریڈیو سے گفتگو میں کہنا تھا کہ’’یقیناً یہ ایک معجزہ ہے۔ یہ اس کے خاندان کے لیے خدا کا ایک تحفہ ہے۔ بچے اتنی اونچائی سے گرنے کے بعد اکثر بچتے نہیں خصوصاً شدید دماغی چوٹ کے بغیر۔ آپ یا میں مر جاتے۔‘‘

تفصیلات کے مطابق موسیٰ اپارٹمنٹ کی بالکنی میں لگے ہوئے لوہے کے جنگلے میں سے پھسل کر نیچے زمین پر جا گرا۔

ریاست میں صومالی کمیونیٹی سے تعلق رکھنے والے موسیٰ کے عزیر و اقارب کا کہنا ہے کہ اس کے اہل خانہ صدمے میں ہیں۔

کمیونیٹی کارکن عبدی رزاق بیہی کا کہنا تھا ’’جب لوگوں کو معلوم ہوا کہ وہ زندہ ہے تو کسی کو یقین نہیں آ رہا تھا۔ مجھے اس کے والدین سے متعلق تشویش تھی۔ وہ بات تک نہیں کر پا رہے تھے۔‘‘

ڈاکٹر سلاشر کا کہنا تھا کہ بچوں کے جسم میں زیادہ لچک ہوتی ہے اور موسیٰ قدرے نرم جگہ پر گرا اس لیے وہ زندہ بچ گیا۔
XS
SM
MD
LG