رسائی کے لنکس

امریکہ کا کھیمر روج رہنماؤں کے خلاف کارروائی پر زور


امریکی وزیر خارجہ نے اتوار کا دن کمبوڈیا کے شہر سائم ریپ (Siem Reap) میں گزارا
امریکی وزیر خارجہ نے اتوار کا دن کمبوڈیا کے شہر سائم ریپ (Siem Reap) میں گزارا

امریکہ کی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن نے پیر کو کمبوڈیا کے دارالحکومت نوم پنھ میں کھیمر روج کے ایک سابق عقوبت خانے کا دورہ کیا اور مبینہ طور پر جنگی جرائم میں ملوث کمیونسٹ پارٹی کے ارکان کے خلاف قانونی کارروائی پر زور دیا۔

انھوں نے یہ دورہ کمبوڈیا کے وزیر اعظم ہن سین اور دیگر اعلیٰ رہنماؤں سے ملاقاتوں سے قبل کیا ہے۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ہلری کلنٹن کمبوڈیا کی حکومت سے انسانی حقوق کے احترام سے متعلق صورتحال میں بہتری لانے کی اپیل کریں گی۔

کھیمر روج حکام نے Toul Sleng جیل میں ہزار وں افراد کوتشدد کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کر دیاتھا اور اب اس جیل کو نسل کشی سے متعلق ایک عجائب گھر میں تبدیل کردیا گیا ہے۔

عجائب گھر کا دورہ کرنے کے بعد امریکی وزیر خارجہ نے یہاں رکھی گئی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے جن میں انھوں نے ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی پر زور دیا۔

جنگی جرائم سے متعلق ایک بین الاقوامی عدالت نے جولائی میں Tuol Sleng جیل کے سابق نگران کو مجرم قرار دیا تھا اور اب یہ کھیمر روج کے چار مزید رہنماؤں کے خلاف مقدمے چلا نے کا ارادہ رکھتی ہے۔

کمبوڈیا کے وزیراعظم نے گذشتہ ہفتے کہا تھا کہ اُن کی خواہش ہے کہ یہ خصوصی عدالت آئندہ کسی اورکے خلاف کارروائی نا کرے۔ اُن کے اس بیان پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے بھی تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

ہلری کلنٹن اِن دنوں مختلف ایشیائی ملکوں کے دورے پر ہیں اور انھوں نے اتوار کا دن کمبوڈیا کے شہر سائم ریپ (Siem Reap) میں گزارا جہاں وہ انسانی اسمگلنگ کا شکار ہونے والے افراد کے لیے امریکہ کی مالی امداد سے چلنے والے ایک بحالی مرکز بھی گئیں۔ انھوں نے اینگ کور واٹ ٹیمپل کا بھی دورہ کیا۔

نوم پنھ میں وہ بادشاہ نورودوم سیہامونی اور کمبوڈیا کے وزیر خارجہ ہور نام ہونگ سے بھی ملاقات کریں گی۔

پیر کی شب امریکی وزیر خارجہ ملیشیا جائیں گی جہاں وہ منگل کو حکومت اور حزب مخالف کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گی جن میں انور ابراہیم بھی شامل ہیں ۔

XS
SM
MD
LG