رسائی کے لنکس

امریکی وزیر دفاع کویت میں ایک اہم اجلاس کی صدارت کریں گے


امریکہ کے نئے وزیر دفاع ایشٹن کارٹر (فائل فوٹو)
امریکہ کے نئے وزیر دفاع ایشٹن کارٹر (فائل فوٹو)

ایشٹن کارٹر پیر کو کویت میں اعلیٰ امریکی کمانڈروں اور سفارت کاروں کے ساتھ ’داعش‘ سے نمٹنے کے لیے امریکی کوششوں سے متعلق بات چیت کریں گے۔

امریکہ کے نئے وزیر دفاع ایشٹن کارٹر پیر کو کویت میں اعلیٰ امریکی کمانڈروں اور سفارت کاروں کے ساتھ ’داعش‘ سے نمٹنے کے لیے امریکی کوششوں سے متعلق بات چیت کریں گے۔

کارٹر افغانستان سے کویت کے لیے روانہ ہوئے، جہاں وہ امریکی فوجی اڈے کیمپ عارف جان میں ایک اجلاس کی صدارت کریں گے۔ فوجی عہدیداروں کے علاوہ اردن اور مشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک سے امریکی سفیر اس بات چیت میں شرکت کریں گے۔

عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اس اجلاس میں ’داعش‘ سے لڑنے کے لیے کسی نئی حکمت عملی کی تشکیل کی توقع تو نہیں ہے، تاہم اس سے کارٹر کو عسکریت پسند کو شکست دینے کے لیے کی جانے والی اب تک کی مختلف کوششوں سے آگاہ کیا جائے گا۔

اتوار کو کارٹر نے جنوبی افغانستان کا دورہ کیا اور انھوں نے آئندہ دو سال کے اندر امریکی فوجیوں کے انخلا کے منصوبے کا جائزہ لیا۔

انھوں نے قندھار میں امریکی فوجی اڈے پر امریکی فوجیوں سے ملاقات کی جہاں انھیں افغان فورسز کو تربیت، مشاورت اور تعاون کے لیے فراہم کی جانے والی کوششوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

انھوں نے کہا کہ"ہم چاہتے ہیں کہ جو ماحول ہم نے گزشہ کچھ سالوں میں قائم کیا تھا، افغان اس کو خود سے برقرار رکھنے کے قابل ہوں جو کہ نسبتاً استحکام و سلامتی کا (ماحول) ہے"۔

کارٹر نے برطانوی وزیر دفاع مائیکل فالون سے بھی فون پر بات چیت کی۔

پینٹاگان کی طرف سے جاری ایک بیان کے مطابق کارٹر نے فالون کی قیادت اور عالمی سلامتی کی کوششوں سمیت افغانستان مشن اور ’داعش‘ کے خلاف مہم میں برطانیہ کی حمایت کا شکریہ ادا کیا۔

دونوں رہنماؤں نے یوکرین کی سکیورٹی، نیٹو کو بہتر کرنے کی کوششوں سے متعلق جدید فوجی صلاحیتوں کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔

کارٹر وزیر دفاع کا عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر ہفتہ کو افغانستان پہنچے تھے۔ جہاں کابل میں افغان رہنماؤں سے بات چیت کے بعد وہ قندھار گئے۔

XS
SM
MD
LG