رسائی کے لنکس

نظامِ صحت میں اصلاحات کا وقت آن پہنچا: اوباما


امریکی صدر اوباما نے ہفتے کے روز ایوانِ نمائندگان کے ڈیموکریٹ ارکان سے خطاب کرتے ہوئے ان سے کہا کہ اب صحت کے نظام میں اصلاحات کی منظوری کا وقت آن پہنچا ہے اور وہ امید رکھتے ہیں کہ اتوار کے روز ایوان میں رائے شماری میں یہ بل منظور ہو جائے گا۔

صدر اوباما نے کیپیٹل میں ڈیموکریٹ پارٹی کے ہاؤس کوکس سے بھی خطاب کیا۔ صدر نے ڈیموکریٹ ارکان کو بتایا کہ انہیں اس دباؤ کا اندازہ ہے جس کا سامنا قانون سازوں کو متنازع صحت بل کو منظور کروانے کے سلسلے میں کرنا پڑ رہا ہے۔

امریکی صدر نے ڈیموکریٹ پارٹی سے تعلق رکھنے والے ارکانِ کانگریس سے آخری ذاتی درخواست کی کہ وہ امریکہ میں صحت کے نظام کے مستقبل کے بارے میں ہونے والی ’فیصلہ کن بحث‘ کی حمایت کریں۔

ہفتے ہی کے روز ایوانِ نمائندگان کے ڈیموکریٹ رہنماؤں نے اعلان کیا کہ وہ اتوار کے روز نظامِ صحت پر دو رائے شماریاں کروانا چاہتے ہیں۔

ایوان میں اکثریتی رہنما سٹینی ہوئر نے کہا کہ ایوان پہلے اس بل پر رائے شماری کرے گا جسے پچھلے سال سینیٹ نے منظور کیا تھا۔ ہوئر کے مطابق اس کے بعد ارکانِ کانگریس ایک ایسے مفاہمتی بل پر ووٹنگ میں حصہ لیں گے جس میں ایوان اور سینیٹ میں بل کی اشکال میں اختلاف کو حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

سینیٹ کی طرف سے ابھی مفاہمتی بل پر رائے شماری نہیں ہوئی۔

ادھر ری پبلکن پارٹی اس مسودہٴ قانون کی شد و مد سے مخالفت جاری رکھے ہوئے ہے۔ ہفتے کے روز ایوان میں ری پبلکن پارٹی کے رہنما جان بونر نے کہا کہ اس مسودہٴ قانون کا مطلب ٹیکسوں میں اضافہ اور صحت کے معاملات میں حکومت کی مداخلت ہے۔

XS
SM
MD
LG