رسائی کے لنکس

نظام صحت کا اصلاحاتی قانون کانگریس سے منظور


امریکی ایوان نمائندگا ن نے اکثریتی ووٹ سے نظام صحت میں اصلاحات کا قانون منظور کرلیا ہے جسے مبصرین اوباما انتظامیہ کی ایک اہم کامیابی قرار دے رہے ہیں ۔سینٹ میں یہ بل پہلے ہی منظور ہوچکا ہے جب کہ ایوان نمائندگان میں اس کے حق میں 219اور مخالفت میں 212ووٹ ڈالے گئے۔

ریپلکنزنے متفقہ طور پر بل کے خلاف ووٹ ڈالے اور 34ڈیموکریٹ ارکان بھی ان کے ساتھ مخالفت میں شامل ہوئے ۔ قانون منظور کرنے کے لیے 216ووٹ درکار تھے۔

نظام صحت میں اصلاحات کے بل کی کانگریس سے منظوری کے بعد وائٹ ہاؤس میں خطاب کرتے ہوئے صدر باراک اوباما نے کہا کہ یہ بل 30کروڑ سے زائد امریکیوں کو صحت کی انشورنش مہیا کرے گا۔ جب کہ دوسری جانب ناقدین کا خیال ہے کہ اس قسم کی قانون سازی شعبہ صحت کے فیصلہ سازی کے امور میں حکومتی مداخلت کو بڑھائے گی اور اس سے اخراجات میں اضافہ ہوگا۔

صدر اوباما کاکہنا ہے کہ اصلاحات کا یہ عمل اگرچہ نظام صحت کے تمام مسائل کو حل نہیں کرے گا لیکن اس سے ملک صحیح سمت میں آگے بڑھے گا۔

امریکی صدر نے اس بل کے لیے ایسے کئی ڈیموکریٹ ارکان کی حمایت بھی حاصل کی جنہیں تشویش تھی کہ اس قانون کی منظوری سے حمل ضائع کرانے کے رجحان کی حوصلہ افزائی ہوگی۔

ان خدشات کو دور کرنے کے لیے مسٹر اوباما نے اس ضمن میں پہلے سے موجود پابندیوں کے اعادے کے لیے ایک حکم نامہ بھی جاری کیا۔ توقع ہے کہ وہ آئندہ کچھ روز میں منظورشدہ بل پر دستخط کردیں گے۔

XS
SM
MD
LG