رسائی کے لنکس

آزاد تجارت کے معاہدے پر مزید کام کی ضرورت


امریکی صدر G-20سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے جنوبی کوریا پہنچے ہیں
امریکی صدر G-20سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے جنوبی کوریا پہنچے ہیں

امریکہ اور جنوبی کوریا آزاد تجارت کے معاہدے پر اپنے تحفظات دور کرنے میں ناکام ہو گئے ہیں لیکن دونوں ملکوں نے امید ظاہر کی ہے کہ آئندہ ہفتوں میں اِن کے درمیان کوئی معاہدہ طے پا جائے گا۔

رواں ماہ امریکی صدر براک اوباما اور جنوبی کوریا کے صدر لی میونگ باک نے اپنے معاونین کو ہدایت کی تھی کہ وہ اُن کی ملاقات سے قبل تین سال پرانے معاہدے سے متعلق اختلافات دور کرنے کی کوشش کریں۔

جمعرات کو دارالحکومت سیول میں ایک مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں کا کہنا تھاکہ ابھی اس سلسلے میں مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔

مسٹر اوباما نے بتایا کہ دونوں رہنماؤں نے گفت و شنید میں شامل اپنی ٹیمز کوآئندہ دنوں اور ہفتوں کے دوران اَن تھک انداز میں کام کرنے کو کہاہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ اُنھیں یقین ہے کہ طرفین میں اتفاق ہو جائے گا۔

امریکی صدر کے مطابق کامیاب معاہدہ دونوں ملکوں کی جیت ہو گی اور اِس سے اِن کے عوام کو فائدہ پہنچے گا۔

امریکہ اور جنوبی کوریا نے 2007ء میں تجارتی معاہدے پر دستخط کیے تھے لیکن کسی ایک ملک نے بھی اس کی توثیق نہیں کی ہے۔ امریکہ کے خیال میں موجودہ معاہدہ امریکی گاڑیوں کی جنوبی کوریا برآمد کے وافرمواقع فراہم نہیں کرتا۔ امریکہ سے گوشت کی برآمد پر پابندی بھی تحفظات کا حصہ ہے۔

اگر آزاد تجارت کامعاہدہ اپنے انجام تک پہنچ جاتا ہے تو امریکہ کے لیے یہ 1994ء میں ہونے والے نارتھ امریکن فری ٹریڈ ایگریمنٹ کے بعد سب سے بڑا معاہدہ ہوگا۔

XS
SM
MD
LG