رسائی کے لنکس

مشرق وسطیٰ امن بات چیت میں پیش رفت کا عندیہ


کیری نے کہا ہے کہ علاقائی قائدین اس بات کے قائل ہیں کہ ایک جامع امن سمجھوتا معاشی فوائد کا حامل ہوگا، جس میں سیاحت و تجارت کے میدان میں اضافی آمدن کا معاملہ بھی شامل ہے

امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ اسرائیل اور فلسطینیوں کی طرف سے کسی حتمی سمجھوتے پر پہنچنا بہت اہمیت رکھتا ہے، اور بتایا کہ حالیہ بات چیت کے نتیجے میں ’قابلِ قدر پیش رفت‘ ہوئی ہے۔

عمان میں اردن کے وزیر خارجہ نصر جودے کے ہمراہ اخباری کانفرنس کرتے ہوئے، کیری نے کہا کہ واضح تناؤ کے باوجود، اسرائیلی اور فلسطینی راہنماؤں نےامن مذاکرات کے حوالے سے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ علاقائی قائدین اس بات کے قائل ہیں کہ ایک جامع امن سمجھوتا معاشی فوائد کا حامل ہوگا، جس میں سیاحت اور تجارت کے میدان میں اضافی آمدن بھی شامل ہے۔

ایک کلیدی ملک کے طور پر، کیری نے اردن کے کردار کو سراہا، جس کے پہلے ہی، اُن کے بقول، اسرائل اور فلسطینیوں دونوں کے ساتھ سلامتی کے اہم تعلقات قائم ہیں۔

بعدازاں، اُنھوں نے عمان میں فلسطینی صدر محمود عباس سے دوسری بار ملاقات کی، جس میں مشکلات میں الجھے امن مذاکرات پر بات چیت ہوئی، ایسے میں جب دونوں اطراف سے یہ شکایتیں موصول ہو رہی ہیں کہ دوسرا فریق تین ماہ پرانے مذاکرات کو نقصان پہنچا رہا ہے۔

بدھ کے دِن ایک اعلیٰ امریکی سفارت کار نے دوسری مرتبہ اسرائیلی وزیر اعظم بینجامن نیتن یاہو سے ملاقات کی، اور جمعے کے روز یروشلم میں بات چیت کا تیسرا دور چلائیں گے۔

فلسطینی اہل کاروں نے شکایت کی ہے کہ اسرائیل اُن علاقوں میں بستیوں کی تعمیر جاری رکھے ہوئےہے، جن کو فلسطینی اپنی مستقبل کی ریاست کا ایک جزو خیال کرتا ہے۔

بدھ کی بات چیت میں، مسٹر نیتن یاہو نے اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فلسطینیوں پر الزام لگایا کہ، بقول اُن کے، وہ ’مصنوعی بحران‘ پیدا کر رہے ہیں۔


کیری، جنھوں نے کہا کہ امریکہ بستیوں کی تعمیر کو ’غیر قانونی‘ خیال کرتا ہے، کہا کہ وہ امن کے امکان کے حق میں کوششیں کرنے کے عزم پر قائم ہیں۔

اردن کے بعد، کیری متحدہ عرب امارات، الجزائر اور مراقش کا دورہ کریں گے۔
XS
SM
MD
LG