رسائی کے لنکس

امریکی بحریہ کے سربراہ کا دورہ پاکستان


ایڈمرل گرینرٹ نے پاکستانی فضائیہ کے سربراہ سےبھی ملاقات کی
ایڈمرل گرینرٹ نے پاکستانی فضائیہ کے سربراہ سےبھی ملاقات کی

اُدھر امریکہ کے اراکین کانگریس کے ایک وفد نے پاکستان کے سیکرٹری دفاع آصف یاسین ملک اور سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری سے الگ الگ ملاقات کی۔

امریکہ کے چیف آف نیول آپریشنز ایڈمرل جوناتھن ولیم گرینرٹ نے منگل کو پاکستان کی عسکری قیادت سے ملاقاتوں میں سلامتی سے متعلق دو طرفہ اُمور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

ایڈمرل جوناتھن نے پاکستان کی بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف سے راولپنڈی میں ملاقات کی جس میں ایک مختصر سرکاری بیان کے مطابق باہمی دلچسپی کے اُمور کے علاوہ علاقائی صورت حال پر بات چیت کی۔

امریکہ کے چیف آف نیول آپریشنز نے پاکستانی بحریہ اور فضائیہ کے سربراہان سے بھی الگ الگ ملاقات کی۔

اُدھر امریکہ کے اراکین کانگریس کے ایک وفد نے پاکستان کے سیکرٹری دفاع آصف یاسین ملک اور سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری سے الگ الگ ملاقات کی۔

پاکستانی وزارت خارجہ سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق اعزاز احمد چوہدری نے پاک امریکہ مضبوط تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔

اس ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے علاوہ علاقائی اُمور بھی زیر بحث آئے۔ پاکستان کے سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ علاقائی سلامتی اور ترقی کے لیے پاکستان پڑوسی ممالک
سے اچھے تعلقات استوار کرنے کے عزم پر قائم ہے۔

بیان کے مطابق امریکی وفد نے انسداد دہشت گردی، علاقائی امن کے لیے کوششوں خاص طور پر افغانستان سے امریکہ افواج کے انخلا کے تناظر میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اُمور خارجہ کے چیئرمین اویس لغاری نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا کہ موجودہ علاقائی حالات کے تناظر میں دونوں ملکوں کے درمیان قریبی روابط وقت کی اہم ضرورت ہیں۔

’’افغانستان سے جو فوجی انخلا ہونے جا رہا ہے تو اس حوالے سے اس پورے علاقے میں پاکستان کا جو کردار ہے وہ زیادہ اہمیت کا حامل ہو گیا ہے۔‘‘

امریکی کانگریس کے وفد نے سیکرٹری دفاع آصف یاسین ملک سے ملاقات کی۔ وزارت دفاع کے ایک بیان کے مطابق آصف یاسین ملک نے امریکی وفد کو علاقائی سلامتی خاص طور پر 2014ء کے بعد کی صورت حال پر تفصیلی بریفنگ دی۔

اُنھوں نے افغانستان میں دیرپا امن کے قیام کے لیے پاکستان کی جانب سے عالمی کوششوں کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کو بھی دہرایا۔
XS
SM
MD
LG